ٹرمپ کو عوام دشمن کہنے پر سی این این کے صحافی پر وائٹ ہائوس کے دروازے بند

وائٹ ہائوس کے اگلے نوٹس جاری کئے جانے تک صحافی کاپاس منسوخ کردیا گیاہے ، ترجمان

جمعرات 8 نومبر 2018 18:01

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 نومبر2018ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا نیوز کانفرنس کے دوران صحافی کو عوام کا دشمن کہنے کے بعد وائٹ ہاس نے سی این این کے رپورٹر کا پریس پاس منسوخ کردیا۔ وائٹ ہاس کی ترجمان سارہ سینڈرز نے واقعے کے چند گھنٹے بعد ہی بیان جاری کرتے ہوئے جم اکوسٹا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وائٹ ہاس اگلے نوٹس جاری کیے جانے تک صحافی کا پاس منسوخ کر رہا ہے۔

سارہ سینڈرز نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر آزاد صحافت پر یقین رکھتے ہیں اور ان کے اور ان کی انتظامیہ کی طرف آنے والے مشکل ترین سوالات کا خیر مقدم کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تاہم ہم کبھی کسی صحافی کو نوجوان خاتون، جو وائٹ ہاس کے انٹرن ہونے کی حیثیت سے اپنا کام کر رہی تھی، پر ہاتھ رکھنے کی اجازت کبھی نہیں دیں گے، یہ قابل قبول نہیں۔

(جاری ہے)

جم اکوسٹا نے سارہ سینڈرز کے بیان کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے اس پر رائے دی کہ یہ جھوٹ ہے۔معاملے پر سی این این کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ سیکریٹری سارہ سینڈرز نے جھوٹ کہا ہے، پریس پاس کو مشکل ترین سوال پوچھنے پر منسوخ کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ سینڈرز نے جھوٹے الزامات لگائے اور ایسے واقعے کا ذکر کیا جو کبھی ہوا ہی نہیں تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ انوکھا فیصلہ ہماری جمہوریت کے لیے خطرہ ہے، ہمارا ملک بہتر کا حقدار ہے، جم اکوسٹا کو ہماری پوری حمایت حاصل ہے۔