نجی ائیرلائن شاہین ائیر کے آپریشنز پر مکمل پابندی عائد کردی گئی

شاہین ائیرلائن کی جانب سے گزشتہ 5 ماہ سے ملازمین کو تنخواہیں ادا نہ کرنے پر سول ایوی ایشن نے شاہین ائیر کے ملک بھر کے تمام دفاتر سیل کر دیے

muhammad ali محمد علی جمعرات 8 نومبر 2018 21:08

نجی ائیرلائن شاہین ائیر کے آپریشنز پر مکمل پابندی عائد کردی گئی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 نومبر2018ء) نجی ائیرلائن شاہین ائیر کے آپریشنز پر مکمل پابندی عائد کردی گئی، شاہین ائیرلائن کی جانب سے گزشتہ 5 ماہ سے ملازمین کو تنخواہیں ادا نہ کرنے پر سول ایوی ایشن نے شاہین ائیر کے ملک بھر کے تمام دفاتر سیل کر دیے۔ تفصیلات کے مطابق شاہین ایئرلائن کے خلاف سول ایوی ایشن اتھارٹی نے واجبات کی عدم ادائیگی پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی ہیڈآفس سمیت ملک بھر کے تمام دفاتر سیل کردئیے ہیں۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے نجی پرواز شاہین ائیر لائن کے ملک بھر میں دفاتر کو مکمل طور پر سیل کر دیا ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق شاہین ائیرلائن نے گزشتہ پانچ ماہ سے ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کیں جس کی بنا پر یہ اقدام کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق اس سے پہلے شاہین ائیر لائن کو واجبات کی ادائیگی کے لئے نوٹسز بھی بھیجے گئے تھے ۔

نجی ائیر لائن کمپنی نے ان نوٹسز کوسنجیدہ نہیں لیااور سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ احکامات کو بھی نظر انداز کیا۔ دوسری جانب شاہین ایئر لائنز کی فروخت کے حوالے سے سعودی شہزادے کے ساتھ مالی معاملات طے پاگئے ہیں۔ ترجمان شاہین ائیر کے مطابق اس بارے میں بہت جلد تفصیلات جاری کر دی جائیں گی۔ بتایا گیا ہے کہ معاہدے کے بعد ریگولیٹر، حکومتی اداروں کے بقایا جات اور ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنا کمپنی کی اولین ترجیح ہے۔ انویسٹمنٹ پلان کے تحت پہلے مرحلے میں ادائیگیاں کی جائیں گی، جس کے بعد بہت جلد شاہین ایئر کا فضائی آپریشن دوبارہ سے شروع ہو جائے گا۔

متعلقہ عنوان :