مصور پاکستان علامہ اقبالؒنے امت مسلمہ میں نئی روح پھونکی ‘مولانا سید عبد الخبیر آزاد

قوم،اساتذہ اور طلباء علامہ اقبال کے افکار ونظریات کو اپنا کر ہی کامیابی کی منازل طئے کر سکتے ہیں‘خطیب باد شاہی مسجد

جمعہ 9 نومبر 2018 19:57

مصور پاکستان علامہ اقبالؒنے امت مسلمہ میں نئی روح پھونکی ‘مولانا سید ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2018ء) باد شاہی مسجد لاہور کے خطیب و امام و چیئر مین مجلس علماء پاکستان مولاناسید عبد الخبیر آزاد نے جمعة المبارک کے عظیم اجتماع میں،جن میں علامہ اقبال مرحوم کے یوم پیدائش کے موقع پرملک کے طول و عرض سے آئے ہوئے طلباء اساتذہ و عوام الناس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم علامہ اقبال مرحوم کا 141واں یوم پیدائش منا رہے ہیں ،وہ سیالکوٹ کے ایک مذہبی گھرانے میں پیدا ہوئے،ان کے والد کا نام شیخ نور محمد تھا ،علامہ مرحوم نے ابتدائی تعلیم سیالکوٹ سے حا صل کی اور ایم اے گورنمنٹ کالج لاہور سے کیا، اور اعلیٰ تعلیم کیلئے انگلینڈ چلے گئے ،واپسی پر آپ نے امت مسلمہ کو متحد کرنے میں اپنی پوری زندگی صرف کی ،مصور پاکستان علامہ اقبال مرحوم نے خوابید ہ قوم کی بیداری کیلئے امت مسلمہ میں ایک نئی وح پھونکی ،آپ نے عربی فارسی اور اردو میں کئی کتابیں لکھیں اور ایک علیحدہ مسلم ریاست کا تصور پیش کیا ،آپ نے جو خواب دیکھا تھا وہ خواب بعد میں پاکستان کی شکل میں پورا ہوا ،اللہ ہمیں صحیح معنوں پاکستان کو علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر بنا دے، آمین ،آپ نے اپنانظریہ و افکار کو اپنے شاعرانہ کلام کے ذریعے اس کااظہار کیا ، آج وہ ہم میں نہیں مگر ان کی روح اور ان کا خون کوگرما دینے والا جوش وجذبہ آپ کے کلام میں ہمیشہ ہمیں ترو تازہ رکھے ہوئے ہے،آپ نے امت مسلمہ میں وحدت اتحاد و اتفاق اوریکجہتی پر ہمیشہ زور دیا ،آپ کے کلام میں امت مسلمہ کی وحدت ،نئے جذبہ جو ش اور ولولہ اور دورجدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ علامہ اقبال مرحوم کے نظریات کو بڑی اہمیت حاصل ہے ،قوم ،طلباء و اساتذہ علامہ اقبال کے نظریات و افکار کو اپناکر ہی اپنی ترقی کی منازل طئے کر سکتے ہیں،اور وطن عزیز کی تعمیر وترقی کی روح و سپرٹ علامہ اقبال مرحوم کے افکار سے ہمیں مل رہی ہے ،اللہ تعالیٰ ہمیں ان کے نظریات و افکار پر عمل کی تو فیق بخشیؒ۔