سابق امریکی صدر اوباما کی بیٹیوں کی پیدائش مصنوعی طریقے سے ہونے کا انکشاف

مشعل اوباما کااپنی نئی کتاب میں ٹرمپ کی جانب سے خواتین کے لیے کہے جانے والے نازیبا بیانات پربھی شدید تنقید

ہفتہ 10 نومبر 2018 13:56

سابق امریکی صدر اوباما کی بیٹیوں کی پیدائش مصنوعی طریقے سے ہونے کا ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 نومبر2018ء) سابق امریکی صدر براک اوباما کی اہلیہ اور امریکی تاریخ کی پہلی سیاہ فام سابق خاتون اول 54 سالہ مشعل اوباما نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے بیٹیوں کو مصنوعی طبی طریقے سے جنم دیا۔مشعل اوباما نے اعتراف کیا ہے کہ شادی کے ابتدائی سالوں کے بعد ان کے ہاں حمل نہیں ٹھہرتا تھا۔سابق امریکی خاتون اول کے مطابق حمل ضائع ہونے کے بعد انہیں اپنے شوہر براک اوباما نے مشورہ دیا کہ ہمیں بچوں کی پیدائش کے لیے ان وٹرو فرٹیلائیزیشن(آئی وی ایف) کی تکنیک کا سہارا لینا چاہیے۔

امریکی ٹی وی کے مطابق مشعل اوباما نے اپنی آنے والی کتاب میں نہ صرف اپنی بیٹیوں کی پیدائش کے حوالے سے اہم انکشافات کیے، بلکہ انہوں نے دیگر کئی معاملات پر بھی کھل کر بات کی ہے۔

(جاری ہے)

مشعل اوباما نے جن بیٹیوں کو آئی وی ایف کے تحت جنم دیا، اب ان کی عمریں 17 اور 20 سال ہیں۔مشعل اوباما کی یادداشتوں پر مبنی کتاب جلد ہی شائع ہونے والی ہے، جس میں انہوں نے اپنے بچپن، شادی اور بطور امریکی خاتون اول کے واقعات بھی لکھے ہیں۔

مشعل اوباما نے اپنی کتاب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم پر بھی تنقید کی ہے۔مشعل اوباما نے اپنی کتاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کو 2017 کے امریکی انتخابات کی خاتون امیدوار ہلیری کلنٹن پر تنقید کرنے پر بھی آڑے ہاتھوں لیا ہے۔مشعل اوباما نے کتاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کی جانب سے خواتین کے لیے کہے جانے والے نازیبا بیانات اور براک اوباما کے اصل امریکی باشندے نہ ہونے سے متعلق بیانات پر بھی انہیں آڑے ہاتھوں لیا ہے۔