ٹھگ آف ہندوستان کے بعد فلم 2.0 کو بھی آن لائن لیک کرنے کی دھمکی

ہفتہ 10 نومبر 2018 17:02

ٹھگ آف ہندوستان کے بعد فلم 2.0 کو بھی آن لائن لیک کرنے کی دھمکی
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 نومبر2018ء) بالی ووڈ اداکار عامر خان کی فلم ٹھگ آف ہندوستان کو آن لائن لیک کرنے والی غیر قانونی ویب سائٹ تمل روکرز نے فلم2.0 کو بھی آن لائن لیک کرنے کی دھمکی دے ڈالی۔بھارتی فلموں کو آن لائن لیک کرنے والی غیرقانونی ویب سائٹ تمل روکرز نے فلم ٹھگ آف ہندوستان کو ریلیز کے ایک گھنٹے بعد ہی لیک کردیا تھا جس نے تمل فلم پروڈیوسرز کونسل کو تشویش میں مبتلا کردیا اور ٹی ایف پی سی نے ویب سائٹ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

لگتا ہے ویب سائٹ انتظامیہ پر اس دھمکی کاکوئی اثر نہیں ہوا اور اب ویب سائٹ نے سپراسٹار رجنی کانت اور اکشے کمار کی فلم 2.0 کو بھی آن لائن لیک کرنے کی دھمکی دی ہے۔ غیرقانونی ویب سائٹ تمل روکرز نے 2.0 کو آن لائن لیک کرنے کی دھمکی ٹوئٹر پر دیتے ہوئے لکھا 2.0 بہت جلد تمل روکرز پر۔ہدایت کار شنکر کی سائنس فکشن فلم2.0، 543 کروڑ بجٹ سے بننے والی بھارت کی مہنگی ترین فلم ہے اور اگر یہ آن لائن لیک ہوگئی تو اس کا بزنس بری طرح متاثر ہوگا۔ واضح رہے کہ فلم 2.0 میں سپر اسٹار رجنی کانت، اکشے کمار اور ایمی جیکسن مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے، فلم رواں ماہ 29 نومبر کو ریلیز کی جائے گی۔