مجموعی قومی پیداوار خدمات کے شعبے کا شیئر 60 فیصد سے تجاوزکرگیا

اجناس کی پیداواری کارکردگی اور در آمد ی حجم میں اضافے کی بنیاد پر تھوک اور خوردہ تجارت کا شعبہ 12سال کی بلند ترین شرح نمو پر دیکھا گیا ٹرانسپورٹ ،مواصلات اور ذخیرہ کاری کے شعبوں کی شرح نمو گھٹ کر3.6فیصد ہوگئی ، ریلویز کی شرح نمو 167.4فیصد اضافے سے نمایاں

پیر 12 نومبر 2018 15:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2018ء) مالی سال18کے دوران خدمات کے شعبے کی شرح نمو میں6.4فیصد کا اضافہ دیکھا گیا جبکہ مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی)میں خدمات کے شعبے کا حصہ 60فیصد کی سطح سے زائد ہوگیا ہے ۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق مالی سال 18میں خدمات کے شعبے میں خوردہ و تھوک تجارت اور عمومی سرکاری خدمات کے ذیلی شعبوں کی کارکردگی میں اضافہ دیکھا گیا جبکہ بیمہ و مالیات ،ٹرانسپورٹ ،ذخیرہ کاری ،مواصلات اور دیگر نجی خدمات کی شرح نمو میں کمی رہی ،رپورٹ کے مطابق اجناس کی پیداواری زمرے کی مضبوط کارکردگی اور در آمد ی حجم میں مسلسل اضافے کی بنیاد پر تھوک اور خوردہ تجارت کی کارکردگی بہتر رہی اور یہ شعبہ 12سال کی بلند ترین شرح نمو پر دیکھا گیا جبکہ اس دوران ٹرانسپورٹ ،مواصلات اور ذخیرہ کاری کے شعبوں کی شرح نمو 4.4فیصد سے گھٹ کر3.6فیصد کی سطح پر آگئی ،مالی سال18میں پاکستان ریلویز کی کارکردگی انتہائی شاندار رہی جہاں اس شعبے کی شرح نمو 167.4فیصد اضافے سے نمایاں رہی ،مالی سال 18کے دورا ن پاکستان ریلوے کی آمدن میں26.7فیصد کا اضافہ دیکھا گیا ،مالی سال18کے دوران ملک سے کمپیوٹر سے متعلق سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا گیا اور ملک کی باضابطہ آئی سی ٹی بر آمدات پہلی بار ایک ارب ڈالرز کی حد عبو رکرگئیں جس میں ایک بڑا حصہ ملکی صنعت کی جانب سے بیرون ملک مشاورتی خدمات کی فراہمی میں اضافے کا ہے ،خوردہ لین دین،تجارت اور حکومتی شعبوں میں ڈیجٹیلائزیشن میں اضافہ ہورہا ہے جس سے ان شعبوں کی کارکردگی مزید بہتر ہوسکے گی اور ایسے میں ای کامرس ،فن ٹیک اور ای گورنمنٹ کے رجحانات فروغ پارہے ہیں جس سے خدمات کے شعبے کی شرح نمو آئندہ آنے والے برسوں میں مزید بڑھنے کے روشن امکانات ہیں۔

متعلقہ عنوان :