بلوچستان خاص کر کوئٹہ شہر پانی کی قلت کے حوالے سے خطرناک صورتحال اختیار کررہی ہے جس پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے ، ڈیمز بنانے سمیت جدید ٹیکنالوجی اور دیگر ذرائع سے پانی کے مسئلے کو حل کرنا ناگزیر ہے

جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر جاوید اقبال سیمینار سے خطاب

پیر 12 نومبر 2018 23:56

کوئٹہ۔12نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2018ء) جامعہ بلوچستان کے زیر اہتمام ایک روزہ سیمینار بعنوان"صوبہ بلوچستان میں پانی کی قلت اور مستقبل کے منصوبہ بندی" کے حوالے سے جامعہ کے کمیٹی روم میں منعقدہوا۔ جس کے مہمان خصوصی جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر جاوید اقبال تھے۔ جبکہ اعزازی مہمان جناب نصیب اللہ خان بازئی تھے۔

اس موقع پر جامعہ کے ڈین فیکلٹیز، رجسٹرار محمد طارق جوگیزئی، سینئر اساتذہ اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔صوبہ بلوچستان جو کہ پانی کے مسائل سے دوچار ہے۔ اس حوالے سے اس بات پر زور دیا گیا کہ حکومت تحقیقی اداروں اور جامعات کے ساتھ مل کر ان مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں۔ سیمینار میںبلوچستان میں پانی کی قلت اور مستقبل کے خدشات کے حوالے سے ماہرین نے تفصیلی روشنی ڈالی اور مقالہ جات پیش کئے اور بتایا گیا کہ پانی جو قدرت کی ایک اہم نعمت ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ پورے ملک بالخصوص صوبہ بلوچستان پانی کی قلت کے حوالے سے خطرناک صورتحال سے دوچار ہے۔ پانی کا مسئلہ بہت ہی گمبیر ہوتا جارہا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ تعلیمی ماہرین، تحقیق دان، تعلیمی ادارے اور حکومت اس بابت توجہ دے کر مشترکہ طور پر مستقبل کے لئے لائحہ عمل طے کرتے ہوئے نئے ڈیمز، احتیاطی تدابیر اور جدید ٹیکنالوجی کے زرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے اس اہم مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کریں۔

سیمینار سے جامعہ کے وائس چانسلر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک اہم موضوع پر سیمینار کا انعقاد انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ پانی کے مسائل پورے ملک کو درپیش ہے ماہرین کے مطابق بلوچستان خاص کر کوئٹہ شہر پانی کی قلت کے حوالے سے خطرناک صورتحال اختیار کررہی ہے۔ اور اس اہم مسئلے کی جانب توجہ مرکوز کرنے کی سخت ضرورت ہے۔ جہاں ڈیمز بنانے سمیت جدید ٹیکنالوجی اور دیگر ذرائع سے پانی کے مسئلے کو حل کرنا ناگزیر بن چکا ہے اور یقیناًً آج کا سیمینار شعور و آگاہی اور مستقبل کے منصوبہ بندی کے لئے انتہائی اہم ثابت ہوگا۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اور ماہرین مشترکہ طور پر اس اہم مسئلے پر پالیسیاں ترتیب دیں۔ سیمینار میںاس حوالے سے نصیب اللہ خان بازئی نے بھی ایک تفصیلی لیکچر پیش کیا۔ اور دیگر ماہرین نے موضوع کی مناسبت سے مقالہ جات پیش کئے اور مختلف سوالات کے جوابات دیئے۔