کیتھولک چرچ جھنگ میں پانچواں سالانہ سینٹ مارٹین ڈے کی2روزہ تقریب کا اہتمام

منگل 13 نومبر 2018 23:55

جھنگ ۔ 13نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2018ء) کیتھولک چرچ جھنگ میں پانچواں سالانہ سینٹ مارٹین ڈے کی2روزہ تقریب کا اہتمام کیا گیا،تفصیلات کے مطابق کرسچن کالونی جھنگ میں سینٹ مارٹین کے نام سے سالانہ دن جوش و خروش سے منایا گیا جس میں مسیحی کمیونٹی نے بھرپور تعداد میں شرکت کی اور اپنے عطیہ اور نذرانہ گرجا گھر میں پیش کیے۔

منعقدہ تقریب میں ششم تا ہشتم کلاسز کے بچوں میں بائبل کوئیز پروگرام بھی کروایا گیا جن میں جیتنے والے بچوں میں انعامات کی تقسیم فادر طاہر اور فادر یعقوب یوسف کے دست سے ہوئی ۔محکمہ پولیس کی جانب سے مذہبی تہوار منانے کیلئے کرسچن کالونی اور گرجا گھر کے گرد سخت سیکورٹی کا اہتمام کیا گیا چرچ کے اند ر مرد خواتین کیلئے الگ الگ سیکورٹی گیٹ نصب کئے گئے ۔

(جاری ہے)

مسیحی کمیونٹی نے عبادت کے دوران ملک پاکستان میں امن و امان ، مذہبی ہم آہنگی اور پاکستانی فورسیز کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں۔فادر یعقوب یوسف اورمسیحی کمیونٹی نے مقررہ وقت سیکورٹی کے ہمراہ گزارنے پر ایس ایچ او تھانہ سٹی آفتاب احمد صدیقی اور ان کی ٹیم کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس نے سابقہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے مسیحی کمیونٹی کی حفاظت کیلئے دیانتداری اور فرض شناسی سے اپنی ڈیوٹی بخوبی سر انجام دی ہے۔فادر یعقوب یوسف نے کہا کہ مسیحی کمیونٹی ملک پاکستان کی ترقی خوشحالی کے لئے ہمیشہ اپنا کردار ادا کرتی رہی ہے اور کرتی رہے گی ۔