آل پاکستان حبیب الرحمن میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ ، کراچی ککرز ایف سی نے ڈی ایف اے اٹک کو شکست دیدی

بدھ 14 نومبر 2018 15:50

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) آل پاکستان حاجی حبیب الرحمن میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ میں کراچی ککرز ایف سی نے زبردست مقابلہ کے بعد ڈی ایف اے اٹک کو شکست دیدی۔ مہمان خصوصی صداقت خان جدون ممبر تحصیل کونسل یو سی نواں شہر تھے، (آج) جمعرات کو کوہستان مانسہرہ اور زریاب کلب پشاور مدمقابل ہوں گے۔ کنج فٹ بال سٹیڈیم میں جاری آل پاکستان فٹ بال ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل میں کانٹے دار مقابلے کے بعد کراچی ککر ایف سی نے ڈی ایف اے اٹک کو صفر کے مقابلہ میں ایک گول سے شکست دیدی۔

پہلے ہاف میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے بہتر کھیل پیش کیا اور کراچی ککر کو ایک موقع ملا جس پر ان کے فاورڈ نے کوئی غلطی نہ کی اور بال کو جال میں پہنچا کر برتری حاصل کر لی۔

(جاری ہے)

ڈی ایف اے اٹک نے تابڑ توڑ حملے کئے اور گول کرنے کی بھرپور کوشش کی تاہم کراچی کے بہترین دفاع کی وجہ سے وہ کوئی گول نہ کر سکی اور میچ میں کراچی ککر ایف سی نے کامیابی اپنے نام سمیٹ لی۔ میچ کے ریفری صدیق ڈار، زاہد چیمہ اور واصف خان واصی تھے، کمنٹیٹر شوکت حسین، فریدون خان اور گرائونڈ کمیٹی نصیرالدین کاکا بھائی، گل جی، خرم شہزاد اور وقاص تھے۔ (آج) جمعرات کو کوہستان مانسہرہ اور زریاب کلب پشاور کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔