غزہ پر اسرائیلی فوج کی مسلط جنگ پر غرب اردن اور دوسرے شہروں میں ہزاروں فلسطینی سڑکوں پر نکل آئے

صہیونی ریاست کے جرائم کیخلاف ،غزہ کے عوام کی حمایت میں مظاہرے ،بیگناہ شہریوں کا قتل عام بند کرنے کا مطالبہ

بدھ 14 نومبر 2018 18:00

غرب اردن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2018ء) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی طرف سے مسلط کی گئی جنگ پر غرب اردن اور دوسرے فلسطینی شہروں میں ہزاروں فلسطینی سڑکوں پر نکل آئے۔ انہوں نے صہیونی ریاست کے جرائم کے خلاف اور غزہ کے عوام کی حمایت میں مظاہرے کیے اور غزہ میں بے گناہ شہریوں کے قتل عام کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کیا۔

اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز غرب اردن کے مختلف مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں جن میں ہزاروں فلسطینیوں نے شرکت کی۔مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر غزہ کی پٹی پر حملے بند کرو کے نعروں کے ساتھ ابلاغی ادروں کو بمباری سے تباہ کرنے کی شدید مذمت کی گئی تھی۔ مظاہروں میں سول سوسائٹی، تاجر برادری، وکلاء اور صحافیوںنے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے غزہ میں الاقصیٰ ٹی وی چینل کو بمباری سے تباہ کرنے کی شدید مذمت کی۔الخلیل یونیورسٹی کے گرائونڈ میں ہونیوالے مظاہرے میں فلسطینی طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر اسرائیلی فوجیوںنے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ان پرلاٹھی چارج کیا اور آنسوگیس کی شیلنگ کی۔ احتجاج کرنیوالے طلباء نے قابض فوج اورپولیس پر سنگ باری کی اور دشمن فوج کے خلاف نعرے لگائے۔