Live Updates

گرین اور کلین پنجاب وزیر اعظم عمران خان کا خواب ہے جس کی تعبیر کیلئے صو بہ بھر میں آئندہ پانچ سالوں کے دوران پچاس کروڑ پودے لگائے جائینگے، صوبائی وزیر محمد سبطین خان

بدھ 14 نومبر 2018 23:39

سرگودھا۔14 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) صوبائی وزیر جنگلات محمد سبطین خان نے کہا ہے کہ گرین او ر کلین پنجاب وزیر اعظم عمران خان کا خواب ہے جس کی تعبیر کیلئے پنجاب بھر میں آئندہ پانچ سالوں کے دوران پچاس کروڑ پودے لگائے جائینگے جبکہ شجرکاری کی مانیٹرنگ کیلئے جیو انفارمیشن سسٹم سے مدد لی جارہی ہے ، جنگلات کی چوری کو روکنے کیلئے فول پروف اقدامات کئے جارہے ہیںجس میں گارڈز کو اسلحہ اور موٹر سائیکل دینے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ جنگلات سرگودہا کے دفتر میں صحافیوں سے گفتگو اور بریفنگ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا ، ا س موقع پر کنزرویٹر آف فاریسٹ محمد سعید تبسم ‘ ڈسٹرکٹ آفیسر فاریسٹ عمران ریاض ‘ فاریسٹ افسران ودیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ، صو با ئی وزیر نے کہاکہ ماضی میں جنگلات کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی ،سابقہ حکمرانوں نے کنکریٹ کے ڈھانچے کھڑے کر دیئے جس کے نتیجے میں سموگ نے جنم لیا ،سموگ انسانی وحیوانی کے سا تھ ساتھ جنگلات کی بھی بہت بڑی دشمن ہے،سموگ سے عوام میں گلے او رسانس کی بیماریاں جڑ پکڑ رہی ہیںاگر ہم نے ماحول کو صاف نہ بنایا تو ہماری آئندہ نسلیں لاغر ہو جائیں گی ،انہوں نے شہریوں پر ز ور دیا کہ وہ ہر پانچ مرلے کے مکان میں ایک پودا ضرور لگائیںجو ان کی زندگی ہے ، انہوںنے کہاکہ آکسیجن بقائے حیات کیلئے انتہائی ضروری ہے اور ماحولیاتی آلودگی کا تریاق ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ جنگلات کی کمی کے باعث سموگ کے علاوہ جنگلی وآبی حیات خطرات سے دوچار ہیں،انہوں نے کہاکہ پنجاب میں صرف تین فیصد رقبہ پر جنگلات ہیں جبکہ تحریک انصاف کی خیبرپختونخوا کی حکومت نے اپنے گذشتہ پانچ سال کے دوران چودہ فیصد جنگلات میں اضافہ کیا ،انہوں نے کہاکہ پہلے سو روزہ پلان کے مطابق ڈویژن بھر میں دس لاکھ پودا لگایا گیاجبکہ آئندہ مارچ تک محکمہ جنگلات کی نرسریوں میں 19لاکھ کے لگ بھگ پودا پیدا کیا جائیگا جنہیں ڈویژن کی سڑکوں ‘نہروں ‘ریلوے لائنوں اور محکمہ صحت وتعلیم کے اداروں کے احاطوں میں لگایا جائیگا ،انہوں نے کہاکہ نجی شعبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے محکمہ جنگلات فی پوداقیمت میں کمی کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے،انہوں نے کنزرویٹرآف فارسٹ کو ہدایت کی کہ وہ سفیدے کے درختوں کی اہمیت بارے لوگوں کو آگاہ کریں،انہوں نے کہاکہ سفیدہ بائیو ماس کا بہترین ذریعہ ہے، یہ اپنے اندر بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت رکھتا ہے اور کسانوں کیلئے مالی فوائد کا ذریعہ ہے، انہوں نے جنگلات کی افزائش سے پاکستان کی ووڈ انڈسٹری فروغ پائے گی اور ملک اپنے پرچم کی طرح سرسبزوشاداب لہرائے گا ،انہوں نے کہاکہ محکمہ جنگلات کو ماضی میں نظر انداز کیاگیا لیکن اب انہیں اہداف کے ساتھ ساتھ بہتر وسائل بھی فراہم کئے جائیں گے جس کیلئے ماسٹر پلاننگ کا آغاز کیاجاچکاہے ، انہوں نے بتایاکہ جنگلات کی چوری کوروکنے کیلئے جرمانوں کو بڑھایا جائیگا تاکہ کوئی چوری کا تصور نہ کر سکے، انہوں نے بتایا کہ پنجاب کی عدالتوں میں لکڑی چوری کے 35ہزار مقدمات التوا ء کاشکارہیں جن کو نمٹانے کیلئے منصوبہ بندی کی جارہی ہے ، قبل ازیں کنزرویٹر آف فاریسٹ محمد سعیدتبسم نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ وزیر اعظم کے سو روزہ پروگرام کے تحت 556380 کے ہدف میں سے 534868 پودا لگایا گیا جو ہدف کا 96.13 فیصد ہے ،انہوں نے ڈویژن میں سول ‘ سرکاری ودفاعی جنگلات کی تفصیلات سے وزیر جنگلات کو آگاہ کیا،بعدازاں وزیر جنگلات محمد سبطین خان نے محکمہ جنگلات کے لان میں کلین وگرین پنجاب کے تحت پودا لگایا�

(جاری ہے)

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات