محکمہ جوازات کے بارے میں آپ کیا جانتے ہیں؟

سعودی مملکت میں مقیم پاکستانیوں کا پالا جوازات سے پڑتا رہتا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 15 نومبر 2018 12:11

محکمہ جوازات کے بارے میں آپ کیا جانتے ہیں؟
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 نومبر2018) اس وقت سعودی عرب میں لاکھوں پاکستانی روزگار کے سلسلے میں مقیم ہیں۔ جنہیں ویزہ، اقامہ اور دیگر مسائل کے سلسلے میں اکثر جوازات سے رابطہ کرنا پڑتا ہے۔ سعودی عرب میں عربی زبان بولی جاتی ہے، یا پھر انگریزی زبان کا استعمال بھی ہوتاہے۔ ہمارے پاکستانی بھائی ان دونوں زبانوں سے ناواقف ہیں۔ جس کے باعث اُنہیں اپنے کئی معاملات میں بہت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اکثر افراد صحیح جانکاری نہ ہونے کے باعث مختلف اداروں کے درمیان شٹل کاک بن کر رہ جاتے ہیں۔ کیونکہ اُنہیں اس بات کا ادراک نہیں ہو پاتا کہ اُن کا مسئلہ کس ادارے کا رُخ کرنے کی صورت میں حل ہو گا۔ کئی بھولے پاکستانی ایجنٹوں کے ہتھے چڑھ جاتے ہیں، جو اُن کا کام تو کروا دیتے ہیں مگر بدلے میں بھاری رقم بھی ہتھیا لیتے ہیں۔

(جاری ہے)

حالانکہ سعودی عرب میں سائلین کا کام آسانی سے ہو سکتاہے۔

ایسا ہی ایک ادارہ جوازات ہے، جسے انگریزی میں ڈیپارٹمنٹ آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ بھی کہا جاتا ہے۔ وزارت داخلہ کے تحت یہ ادارہ امیگریشن کے مملکت میں روزگار کی غرض سے مقیم غیر مُلکیوں کو اقامتی پرمٹس جاری کرنے اور اُن میں توسیع کا مجاز بھی ہے۔ اگر کوئی شخص اپنے اقامے کا اجراء کرانا چاہتا ہو تو اُسے ادارے سے رابطہ کرنا ہو گا۔ اس کے علاوہ جوازات سے خروج وعودہ (ایگزٹ ری اِنٹری) اور خروج نہائی (فائنل ایگزٹ) لگایا جاتا ہے۔

یہاں ایک بات یاد رکھنی چاہیے کہ ورک پرمٹ کا اجراء جوازات سے نہیں ہوتا بلکہ وزارت محنت و سماجی بہبود کے ذیلی ادارے لیبر آفس کی جانب سے کیا جاتاہے۔ اگر کسی غیر مُلکی کوجوازات سے اقامہ جاری کروانا ہو یا اس کی تجدید کروانی ہو تو اُن کے پاس ورک پرمٹ کا ہونا لازمی شرط ہے۔اقاموں کی طباعت کے علاوہ مملکت میں مقیم غیر مُلکیوں کے بچوں کے اقاموں کا اجراء اور اُن میں معلومات کی تبدیلی بھی جوازات کی ذمہ داری ہے۔