Live Updates

آنحضور ؐسے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے، عمران خان

اس سال عید میلاد النبیؐ کے موقع پر رحمتہ العالمینؐ کانفرنس کے انعقاد کا مقصدر سرور کائناتؐ کی سیرت مبارکہ کو اجاگر کرنا ہے، وزیراعظم کی چیئرمین ایچ ای سی سے گفتگو

جمعرات 15 نومبر 2018 22:41

آنحضور ؐسے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے، عمران خان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2018ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آنحضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے، اس سال عید میلاد النبیؐ کے موقع پر رحمتہ العالمینؐ کانفرنس کے انعقاد کا مقصدر سرور کائناتؐ کی سیرت مبارکہ کو اجاگر کرنا ہے۔جمعرات کو وزیر اعظم عمران خان سے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن طارق بنوری نے وزیر اعظم آفس میں ملاقات کی ۔

وزیر اعظم عمران خان نے چیئرمین ایچ ای سی کو ملک کی تین بڑی یونیورسٹیوں میں سیرت چیئر کے قیام کیلئے پلان مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آنحضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال عید میلاد النبیؐ کے موقع پر رحمتہ العالمینؐ کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس کا مقصدر سرور کائناتؐ کی سیرت مبارکہ کو اجاگر کرنا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ سیرت چیئر کے قیام کا مقصد آنحضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات مبارکہ اور اسوہ حسنہ پر جینوئن ریسرچ اور ان کی سیرت کو اجاگر کرنا ہے تاکہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں بسنے والے مسلمان اس تحقیق اور علم کے خزانے سے استفادہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ آنحضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ہمہ گیر اور جامع الصفات ذات مبارکہ پر جینوئن تحقیق پر مبنی علم سے نہ صرف انفردای زندگیوں میں رہنمائی حاصل ہوگی بلکہ اسلام کے خلاف منفی پراپیگنڈے کا مقابلہ کرنے میں بھی مدد ملے گی۔اس موقع پر چیئرمین ایچ ای سی نے وزیر اعظم کو وزیر اعظم ہاؤس میں یونیورسٹی کے قیام کے منصوبے پر اب تک کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات