امریکہ کے مشرقی ساحلی ریاستوں میں موسم کی پہلی برف باری، پانچ افراد ہلاک

ریگن نیشنل ایئرپورٹ اور ڈلاس کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پروازیں تاخیر کا شکار ،روڈ پر پھسلن سے حادثات

جمعہ 16 نومبر 2018 12:40

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2018ء) امریکہ کے شمالی ساحل پر رچمنڈ ورجینیا سے، فلاڈیلفیا، پنسلوانیا، نیو یارک اور بوسٹن تک برساتی طوفان اور کہیں ہلکی تو کہیں تیز برف باری ہوئی۔ سڑک کے حادثات میں کم از کم پانچ افراد ہلاک، جب کہ متعدد زخمی ہوئے۔غیرملکی خبررساں ادار ے کے مطابق ورجینیا، واشنگٹن ڈی سی اور میری لینڈ میں برف باری صبح سویرے شروع ہوئی اور دوپہر تک جاری رہی۔

ایسٹرن ٹائم کے مطابق، ایک بجے دوپہر تک ورجینیا میں چھ انچ، جب کہ میری لینڈ اور واشنگٹن میں پانچ انچ برف باری ہوچکی تھی۔

(جاری ہے)

ادھر، الی نوائے میں سات انچ جب کہ ویسٹ ورجینیا میں 6.2 انچ برف باری ہوچکی ہے۔برف باری کے نتیجے میں کئی مقامات پر سڑکوں پر موٹر گاڑیوں کی رفتار کم تھی یا پھر پھنس کر رہ گئی تھیں جب کہ دفاتر اور اسکولوں میں حاضری کم تھی۔

محکمہ موسمیات کے حوالے سے خبردی گئی کہ تیز یخ بستہ ہوائیں چلنے کے علاوہ شمالی علاقوں میں برف باری کی پیش گوئی کی گئی ۔ذرائع ابلاغ کے مطابق، ریگن نیشنل ایئرپورٹ اور ڈلاس کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کچھ پروازیں تاخیر کی شکار ہوئیں۔ادھر 95 انٹر اسٹیٹ اور 395 ہائے وے پر اکا دکا مقامات پر گاڑیاں پھسل کر ٹریک سے ہٹ گئیں، یا آپس میں ٹکرا گئیں۔