افغان حکام کے رویہ کی مذمت کرتے ہیں، حکومت ایس پی طاہر داوڑ کی لاش پاکستانی حکام کے حوالے نہ کرنے کا نوٹس لے

سینیٹر مولا بخش چانڈیو کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعہ 16 نومبر 2018 14:20

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ افغان حکام کے رویہ کی مذمت کرتے ہیں، حکومت ایس پی طاہر داوڑ کی لاش پاکستانی حکام کے حوالے نہ کرنے کا نوٹس لے، سینیٹ کا ماحول بہتر بنانے کے لئے حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرے۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ حکومت افغانستان میں قتل ہونے والے ایس پی طاہر داوڑ کے حوالے سے افغان حکومت سے جواب طلب کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ایس پی کے قتل کے حوالے سے مشترکہ ٹیم تحقیقات کرے اور ذمہ داروں کا تعین کرے۔ سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ہم افغان حکام کے نامناسب رویہ کی مذمت کرتے ہیں، ہمارے وزراء کو بارڈر پر ایس پی کی لاش کا انتظار کرنا پڑا، یہ ہمارے لئے بھی لمحہ فکریہ ہے۔ سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ نے ایوان کا ماحول بہتر بنانے کے لئے رولنگ دی، حکومت کو چاہیے کہ وہ ایوان کے ماحول کو بہتر بنائے، اپوزیشن کو ایوان میں شور شرابہ سے زیادہ نقصان ہوتا ہے لیکن حکومت خود بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔