چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے وزیر دفاع پرویز خٹک کی ملاقات

ایوان بالاء کی کارروائی کو افہام و تفہیم سے چلانے پر تبادلہ خیال کیا گیا

ہفتہ 17 نومبر 2018 07:10

اسلام آباد ۔ 15 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2018ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے وزیر دفاع پرویز خٹک نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ملاقات میں ایوان بالاء کی کارروائی کو افہام و تفہیم سے چلانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر اعظم سواتی اور قائمہ کمیٹی اطلاعات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ کو وزیر دفاع نے وزیراعظم کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا جس پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ وزیراعظم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کو بھیج کر ایوان کا وقار بلند کیا، پارلیمان کی بالادستی اور جمہوری رویوں کا فروغ ہم سب کا بنیادی فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا پارلیمان کی بالادستی کے بارے میں کردار لائق تحسین ہے۔ چیئرمین سینٹ اور وزیر دفاع پرویز خٹک نے اس توقع کا اظہار کیا کہ ایوان کی کارروائی کو افہام و تفہیم کے ساتھ چلایا جائے گا۔