افغانستان ،ْطالبان کا پولیس چوکی پر حملہ، 5 اہلکار ہلاک

پولیس چوکی پر موجود اسلحے پر قبضہ کر لیا ہے ،ْطالبان کا حملے کا دعویٰ

ہفتہ 17 نومبر 2018 22:25

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2018ء) افغانستان کے شمال مغربی صوبے بغدیس میں پولیس چوکی پر طالبان کے حملے میں کم از کم پانچ اہلکار ہلاک ہو گئے۔صوبائی کونسل کے سربراہ عبدالعزیز بیگ نے بتایا کہ طالبان شدت پسندوں نے ہفتے کی صبح ضلع قدیس میں پولیس چوکی پر حملہ کیا اور ایک گھنٹے تک پولیس اور طالبان کے درمیان مقابلہ جاری رہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ حملے کے نتیجے میں پانچ اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہو گئے ،ْ ایک اہلکار کو طالبان اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔صوبائی کونسل کے سربراہ نے دعویٰ کیا کہ حملے کے نتیجے میں طالبان شدت پسند بھی ہلاک ہوئے تاہم وہ ان کی تعداد نہیں بتا سکے۔طالبان نے حملے کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے پولیس چوکی پر موجود اسلحے پر قبضہ کر لیا ہے۔