حضرت محمد ﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل کرکے ہی عالمی بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکتا ہے‘ صدر فیصل آباد چیمبر

اتوار 18 نومبر 2018 00:40

فیصل آباد ۔17 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2018ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سید ضیاء علمدار حسین نے کہا ہے کہ نبی آخرالزماں حضرت محمد ﷺ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا گیا اور ان کے اسوہ حسنہ پر عمل کرکے ہی عالمی بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ وہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سالانہ محفل میلاد سے خطاب کر رہے تھے جس میں کراچی کے معروف نعت خواں اویس رضا قادری نے حضور ؐ کی خدمت میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔

سید ضیاء علمدار حسین نے کہا کہ حضورؐ کی تمام زندگی خدمت کی مثالوں سے بھری پڑی ہے۔ انہوں نے اس طرح لوگوں کی خدمت کی کہ وہ صرف ان کے حسن سلوک کی وجہ سے اسلام کو قبول کرنے پر مجبور ہو گئے اور الحمد اللہ انحضورؐ کی محبت نے انہیں ایسا سچا اور پکا مسلمان بنایا کہ آج بھی دنیا میں ان کے کردار و عمل کی مثالیں دی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئندہ سال اس تقریب کو وسیع پیمانے پر کرانے کی کوشش کی جائیگی کیونکہ ربیع الاول کے بابرکت ایام سیرت رسول پر عمل کرنے کا درس دیتے ہیں جبکہ اس دوران شمع رسالت کے پروانوں کو رحمت العالمین کے ذکر سے ایمان کو جلا ملتی ہے اور سینے نورِ ہدایت سے منور ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عیدمیلا د النبی ؐ کا واضح پیغام آپ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ان ایام میں بڑے پیمانے پر میلاد کی محافل منعقد کرکے حضور ؐ کی تعلیمات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بھی اس سلسلہ میں ہر سال باقاعدگی سے میلاد کی محفلیں منعقد کرنے پر چیمبر کی میلاد کمیٹی کی خدمات کو بھی سراہا۔

سینئر نائب صدر میاں تنویر احمد نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اپنی روایات کے مطابق ہر سال میلا د کی محفل سجاتا ہے جبکہ یہ سلسلہ آئندہ بھی اسی جوش و خروش اور عقیدت و احترام سے جاری رہے گا۔ انہوں نے اس میلاد میں لوگوں کی کیثرتعداد میں شرکت پر بھی اطمینا ن کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ کاروباری برادری بھی دل و جاں سے نبی کریم ؐ سے محبت اور عقیدت رکھتی ہے۔

انہوں نے اس روحانی محفل کا انتہائی شاندار طریقے سے انتظام کرنے پر میلاد کمیٹی کے چیئر مین میلاد کمیٹی محمد شفیق ، وائس چیئرمین محمد زاہددیگر ممبران اور سیکرٹریٹ کا بھی خاص طور پر شکریہ ادا کیا ۔ آخر میں ڈویژنل کمشنر آصف اقبال چوہدری نے اویس رضا قادری کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔