دورہ ملتان کے دوران وزیراعلیٰ کاعوامی رنگ ،کارکن سیلفیاں بنواتے رہے

اتوار 18 نومبر 2018 23:00

ملتان ۔18نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار دورہ ملتان کے موقع پربھرپور عوامی رنگ میں نظر آئے۔ سرکٹ ہائوس ملتان میں ملاقات کے لئے آنے والے پی ٹی آئی کے کارکنوں، سول سوسائٹی کے ممبران اور مختلف شہری تنظیموں کے نمائندے ملاقات کے دوران ان کے ارد گرد جمع ہوگئے اور ان کے ساتھ سیلفیاں بنواتے رہے۔

وزیر اعلیٰ نے سیکورٹی سٹاف کو حکم دیا کہ ملاقات کے لئے آنے والوں کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہ ڈالی جائے وہ ملاقات کے لئے آنے والے ہر شہری سے ملیں گے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کو سرائیکی اجرک پہنائی گئی اور بطور وزیر اعلیٰ پہلی دفعہ ملتان آمد پر پھول پیش کیے گئے۔ان سے مختلف وفود کی ملاقاتوں کا سلسلہ تین گھنٹے تک جاری رہا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ وہ غازی گھاٹ ڈی جی خان بس حادثہ میں جاںبحق ہونے والے افراد کے ورثاء اور زخمیوں کے دکھ بانٹنے کے لئے ملتان آئے ہیں۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والے افراد نے کہا کہ ماضی میں وزرائے اعلیٰ کے ساتھ سیلفیاں بنوانے اور انہیں اپنے مسائل کی عرضداشتیں پیش کرنے کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا تھا۔انہوں نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ پنجاب کو ایک درویش صفت ،ملنسار اور عوامی وزیر اعلیٰ نصیب ہوا ہے۔

وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیرتوانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی زین قریشی،رانا محمد قاسم نون ،احمد حسین ڈیہڑ ، محمد ابراہیم خان ، ظہیر خان علیزئی ،ندیم قریشی ،سلیم لابر ،نعیم جمال ،قاسم لنگاہ ،طارق عبداللہ ، مظہر عباس راں ، جاوید اختر انصاری ،وسیم بادوزئی ،سبین گل ،چیئرمین پی ایچ اے و ضلعی صدر پی ٹی آئی ملتان اعجاز جنجوعہ ، چیئرمین ایم ڈی اے رانا عبدالجبار ،صدر پی ٹی آئی شعبہ خواتین ضلع ملتان قربان فاطمہ پی ٹی آئی کی مختلف تنظیموں کے کارکنان اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔