سینیٹ آف پاکستان اور اومان کی کونسل آف اسٹیٹ کے مابین دوطرفہ مفاہمت کی یاداشت پر دستخط،

معاہدے پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور اومان کی سٹیٹ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر یحییٰ بن محفوظ المنتری نے دستخط کئے

منگل 20 نومبر 2018 15:49

سینیٹ آف پاکستان اور اومان کی کونسل آف اسٹیٹ کے مابین دوطرفہ مفاہمت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) سینیٹ آف پاکستان اور اومان کی کونسل آف اسٹیٹ کے مابین دوطرفہ مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے گئے ہیں جس کا مقصد دونوں پارلیمان کے درمیان پارلیمانی تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مستحکم بنانا ہے۔ معاہدے پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور اومان کی اسٹیٹ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر یحییٰ بن محفوظ المنتری نے دستخط کئے۔

اس سلسلے میں ہونے والی ملاقات کے دوران اومان کی اسٹیٹ کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ معاہدے سے پہلے سے موجود دو طرفہ روابط کو مزید مربوط بنانے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اومان کی 48 ویں قومی دن کی تقریبات کے موقع پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ کی سربراہی میں پارلیمانی وفد نے اومان کی اسٹیٹ کونسل کے ارتقائی سفر سے متعلق ایک دستاویزی فلم بھی دیکھی جس سے اس کے اختیارات اور آئین سازی کے متعلق آگاہی کا موقع ملا۔

ملاقات کے دوران دونوں ایوانوں کے مابین قانون سازی اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم دونوں ملکوںکے مابین تعاون کو مزید موثر بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سلطان قابوس کی سربراہی میں اومان کی ترقی کا سفر ایک شاندار حقیقت ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین بین الاقوامی معاملات پر قابل اطمینان ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ ملاقات میں اومان کی حکومت کے ہم وزراء اور اومان میں پاکستان کے سفیر علی جاوید نے بھی شرکت کی۔ پارلیمانی وفد میں سینیٹرز محمد اعظم خان سواتی ، مولا بخش چانڈیو، دلاور خان ، کلثوم پروین اور معتمد خصوصی سینیٹ سیکرٹریٹ محمد انور بھی شامل ہیں۔