ضلعی انتظامیہ کی نگرانی ترنول میں مین جی ٹی روڈ پشاور کے دونوں اطراف تجاوزات کے خلاف آپریشن ،خان پلازہ سمیت کئی دکانیں مسمار کر دی گئیں

منگل 20 نومبر 2018 23:39

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) وفاقی دارالحکومت کے دیہی علاقہ ترنول میں مین جی ٹی روڈ پشاور کے دونوں اطراف ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران خان پلازہ سمیت کئی دکانیں مسمار کر دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے دیہی علاقہ ترنول میں مین جی ٹی روڈ پشاور پر قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا۔

آپریشن کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر رورل کر رہے تھے جبکہ ان کے ساتھ کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی، اسلام آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ تجاوزات کے خاتمہ کیلئے ضلعی انتظامیہ نے دو ماہ قبل تجاوزات ختم کرنے کے نوٹس جاری کئے تھے۔

(جاری ہے)

نوٹس کی مدت ختم ہونے کے بعد آپریشن کا مرحلہ شروع ہوا تو ترنول میں دو منزلہ خان پلازہ جو سرکاری اراضی پر تعمیر کیا گیا تھا، کو گرا دیا گیا جبکہ اس کے علاوہ سرکاری زمین پر غیر قانونی طور پر تعمیر کی کئی دکانیں بھی مسمار کر دی گئیں۔

آپریشن کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے موجود رہی تاہم آپریشن کے موقع پر کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ اس موقع پر تھانہ ترنول کے ایس ایچ او سمیت دیگر پولیس افسران بھی موقع پر موجود تھے۔