جہاں یونیورسٹیاں قائم ہوتی ہیں وہاں قوموں کی تقدیربدل جاتی ہیں ، تربت یونیورسٹی اس ریجن کے لوگوں کی تقدیر بدلنے کی بھرپورصلاحیت رکھتی ہے، پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر

بدھ 21 نومبر 2018 22:00

․ کوئٹہ۔21نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2018ء) یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرعبدالرزاق صابرنے کہا ہے کہ جس رفتار سے تربت یونیورسٹی ترقی کے منازل طے کررہی ہے‘ مستقبل قریب میں تربت یونیورسٹی صوبے کا ایک عظیم درسگاہ ثابت ہوگا جس کے طالب علم بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں، جہاں یونیورسٹیاں قائم ہوتی ہیں وہاں قوموں کی تقدیربدل جاتی ہیں اور تربت یونیورسٹی اس ریجن کے لوگوں کی تقدیر بدلنے کی بھرپورصلاحیت رکھتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تربت یونیورسٹی کے ملٹی پرپز ھال میں منعقدہ طالب علموں کے اعزاز میں دیئے گئے فئیرول پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے محدود وسائل کے باوجود یونیورسٹی انتظامیہ طالب علموں، اساتذہ کرام اورانتظامی افسران سمیت دیگر ملازمین کو ہرممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے کہاکہ مکران جیسے دورافتادہ علاقے میں ایک اعلی تعلیمی ادارے کا قیام کسی نعمت سے کم نہیں اسکی ترقی کے لئے معاشرے کے ہر فرد کو اپناکردار اداکرناچائیے۔

پروفیسرڈاکٹرعبدالرزاق صابرکا کہنا تھا گڈگورننس، معیاری تعلیم کا فروغ اور میرٹ کی پاسداری تربت یونیورسٹی کی پہچان بن چکی ہے جیسے ہرصورت برقراررکھاجائے گا۔وائس چانسلر نے تربت یونیورسٹی میں اپنا تعلیمی سیشن مکمل کرنے والے طالب علموں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ان کے لئے ایک یادگاردن ہے تربت یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونا ان کے لئے اعزاز کی بات ہے اور وہ صوبے اور ملک کی ترقی اور خوشحالی میں کردار اداکرنے کے لئے خود کو تیاررکھیں اور ان کے بہترین مسقبل کو یقینی بنانے کے لئے یونیورسٹی انکو بھرپور رہنمائی فراہم کرے گی۔

فئیرول پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے آرٹس اینڈ سوشل سائنسز کے ڈین پروفیسرڈاکٹرعبدالصبور بلوچ اور کیوای سی کے ڈائریکٹرپروفیسرڈاکٹرگل حسن نے کہا کہ تعلیم کے بغیر کوئی بھی قوم یا معاشرہ ترقی نہیں کرسکتی اور تربت یونیورسٹی اپنے قیام کے ساتھ ہی اس ریجن میں تحقیقی سرگرمیوں اور معیاری اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے بھرپورکرداراداکررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیلنجز کے باوجود یونیورسٹی کو ملک کی بہترین اعلیٰ تعلیمی اداروں کی صف میںکھڑاکرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب تربت یونیورسٹی کے پاس آوٹ گریجویٹس زندگی کے ہرشعبے میں تعمیری کردار اداکرتے ہوئے نظر آئیں گے۔فئیرول پروگرام سے شعبہ انگلش کے لیکچررعادل خان نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر رجسٹرار تربت یونیورسٹی غلام فاروق بلوچ، ڈین سائنس اینڈ انجینئر نگ ڈاکٹر حنیف الرحمان، کنٹرولرامتحانات تنویر احمد،گوادر کیمپس کے ڈائریکٹر اعجاز احمد، پروٹوکول افسر میر باہڑبلوچ،مختلف تدریسی شعبہ جات کے سربراہان، فیکلٹی ممبران اور اانتظامی افسران سمیت طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔

تربت یونیورسٹی میں زیر تعلیم طالب علموں نے حسب روایات اپنا تعلیمی سیشن مکمل کرنے والے طالب علموں کے اعزاز میں ایک پروقار فئیر ول پروگرام کا انعقاد کیا جس میں طالب علموں نے تقاریر، شاعری، اصلاحی ڈراموں، مزاحیہ اور سنجیدہ خاکوں اور انٹرویوز سمیت مختلف تعمیری و تفریحی پرفارمنس کے ذریعے حاظرین کو محظوظ کیا اور ان سے داد وصول کی۔

متعلقہ عنوان :