سینئر پروفیسررات کے وقت بھی وارڈز اور ایمرجنسی کا دورہ کریں‘یاسمین راشد

وزیر صحت کا جناح ہسپتال کا دورہ ، ایمرجنسی، میڈیکل ، سرجیکل وارڈز، لیبر روم اور نرسری کا معائنہ

ہفتہ 1 دسمبر 2018 18:05

سینئر پروفیسررات کے وقت بھی وارڈز اور ایمرجنسی کا دورہ کریں‘یاسمین ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2018ء) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدنے ہدایت کی ہے کہ سنیئر پروفیسرز باقاعدگی سے رات کے وقت بھی وارڈز اور ایمرجنسی کا دورہ کریں ،ہائوس جاب کرنے والے میڈیکل آفیسرز کے ساتھ سنیئر اساتذہ لازمی کوآر ڈینیشن رکھیں۔ وہ جناح ہسپتال کے اچانک دورے کے موقع پر گفتگو کررہی تھیں۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جناح ہسپتال ڈاکٹر عاصم حمید نے صوبائی وزیر کو مختلف معاملات پر بریفنگ دی۔

وزیر صحت نے شعبہ ایمرجنسی، زنانہ، مردانہ میڈیکل ، سرجیکل وارڈز ،لیبر روم اور نرسری کا معائنہ کیا اور مریضوں کی شکایات بھی سنیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایس اور ایڈیشنل ایم ایس صاحبان ایمرجنسی کے معاملات پر زیادہ توجہ دیں۔ شعبہ ایمرجنسی میں تمام مقررہ سہولتوں کی دستیابی یقینی بنائی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا ایڈز سے آگاہی کے عالمی دن (یکم دسمبر) کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ ایڈز سے بچائو کا سب سے بہتر طریقہ خون کا محفوظ طریقے سے انتقال ہے۔

استعمال شدہ سرنج یا جراثیم زدہ آلات جراحی سے گریز کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ایڈز کے مریضوں سے ڈرنے کا کلچر ختم ہونا چاہیئے۔ ایڈز سے متاثر ہونے والے افراد ہماری ہمدردی اور توجہ کے مستحق ہیں۔ ضروری نہیں کہ کسی شخص کی اپنی غلطی سے اسے ایڈز لاحق ہو بلکہ وہ انجانے میں بھی ایچ آئی وی کا نشانہ بن سکتا ہے۔ پنجاب بھر میں ایڈز کے سہولت مراکز موجود ہیں جہاں اس مرض کی تشخیص اور مفت علاج کی سہولت موجود ہے۔