محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام ہزارہ کے تعلیمی افسران کیلئے آگاہی ورکشاپ اختتام پذیر ہو گئی

پیر 3 دسمبر 2018 13:42

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2018ء) محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام ہزارہ کے تعلیمی افسران کیلئے آگاہی ورکشاپ اختتام پذیر ہو گئی۔ پانچ روزہ ورکشاپ میں ناگہانی آفات اور ان سے بچائو کے حوالہ تعلیمی افسران کو آگاہی فراہم کی گئی، ریڈکریسنٹ، 1122 اور سول ڈیفنس کی طرف سے فرسٹ ایڈ کے حوالہ سے بھی تربیت دی گئی۔

محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام اور تورغر کے تعلیمی افسران کو مختلف اقسام کی ناگہانی آفات زلزلہ، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، بم دھماکہ، دہشت گردی اور بچائو کیلئے سکول سیفٹی پلان اور ڈسٹرکٹ سیفٹی پلان سے آگاہی فراہم کرنے کیلئے پانچ روزورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں ریسورس پرسن کے فرائض سینئر انسٹرکٹر ڈاکٹر سمیر اتاج، انسٹرکٹر نرگس وزیر اور طارق محمود نے سرانجام دیئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مختلف سرگرمیوں اور سلائیڈ ز کی مدد سے شرکاء کو ناگہانی آفات سے بچائو اور سکول کی سطح پر مطلوبہ اقدامات کے طریقہ کار سے متعلق آگاہی دی۔ اس موقع پر سکول سیفٹی سیل کے فوکل پرسنز پلاننگ آفیسر ہدایت الله وزیر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر اورنگزیب بھی موجود تھے۔ ورکشاپ میں ڈی ای او ایبٹ آباد قاضی تجمل حسین، ڈی ای او مانسہرہ ظفر ارباب عباسی، ڈی ای او تورغر محمد ریاض سواتی، ڈی ای او بٹگرام محمد شوکت، اے ڈی ای او سکینڈری اسٹیبلشمنٹ ہری پور ذوالفقار احمد، اے ڈی ای او پی اینڈ ڈی (زنانہ) ہری پور حافظ سرفراز خان، ایس ڈی ای او خانپور چوہدری محمد نذیر، ایس ڈی ای او ہری پور اختر خان، اے ڈی ای او پی اینڈ ڈی مردانہ ہری پور صبغت الله آفریدی، ڈپٹی ڈی ای او بٹگرام اعظم خان کے علاوہ میل اور فی میل اے ایس ڈی اوز کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔

ورکشاپ میں ریڈکریسنٹ، 1122، سول ڈیفنس کی طرف سے محمد عنایت، محمد شکیل اور دیگر نے ناگہانی حادثات سے نمٹنے کی عملی مشق کے علاوہ فرسٹ ایڈ اور آگ بجھانے کے حوالہ سے بھی تربیت دی جس کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔ ورکشاپ کے شرکاء نے ورکشاپ کو انتہائی مفید قراردیتے ہوئے اس کو مزید بہتر بنانے کیلئے مختلف تجاویز دیں۔ تقریب کے آخر میں ڈائریکٹر ایجوکیشن خیبر پختونخوا کی نمائندگی کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اورنگزیب نے ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کیا اور اس امر کی ضرورت پر زور دیا کہ مقامی حالات کے تناظر میں پریذنٹیشنز تیار کی جائیں تاکہ شرکاء زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکیں۔ آخر میں شرکاء میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔