زرعی ترقیاتی بنک کرپشن کیس ،فرد جرم عائد نہ ہو سکی، ملزم نے بریت کی درخواست بھی دائر کر دی

پیر 3 دسمبر 2018 17:21

زرعی ترقیاتی بنک کرپشن کیس ،فرد جرم عائد نہ ہو سکی، ملزم نے بریت کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2018ء) احتساب عدالت میں زرعی ترقیاتی بنک میں کروڑوں روپے کی کرپشن کیس میں ملزم پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی، ملزم نے اپنی بریت کی درخواست بھی دائر کر دی۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں زرعی ترقیاتی بنک کرپشن کیس کی سماعت ہوئی۔ ملزم ذوالقرنین چوہدری نے اپنی بریت کی درخواست دائر کی جبکہ ملزم کیخلاف فرد جرم عائد نہ کی جا سکی۔

عدالت نے ملزم کے جوڈیشل ریمانڈ میں 17 دسمبر تک توسیع کر دی۔ نیب کی طرف ملزم ذوالقرنین کو گزشتہ تاریخ سماعت پر ریفرنس کی کاپیاں فراہم کی گئیں تھیں۔ نیب پراسیکیوٹر کے مطابق سابق مینیجر زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ ذوالقرنین چوہدری کو کروڑوں روپے کی کرپشن کے الزام میں گرفتارکیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

ملزم ذوالقرنین نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے حکومتی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا۔

ملزم جعلی شناختی کارڈ اور پاس بک کے ذریعے ذہنی معذور افراد کا نام استعمال کر کے بوگس لون پالیسیز کیش کرواتا رہا۔ نیب لاہور نے ملزم کے خلاف زونل برانچ لاہور کی جانب سے شکایت پر کارروائی کا آغاز کیا اور ٹھوس شوہد ملنے پر اکتوبر 2017 میں ملزم کے خلاف باقاعدہ انکوائری کا آغاز کیا گیا. نیب کے مطابق ملزم ایسے درخواست گزاروں کے نام پر رقوم بٹورتا رہا جو درخواست جمع ہونے کے بعد فوت ہو چکے تھے۔