غیر منتخب لوگ ہمیں ڈکٹیٹ نہ کریں وُہ اپنی فکر کریں‘وزیر بلدیات گلگت بلتستان

آرڈر 2018پر وفاقی حکومت من وعن عمل کرے اور سرتاج عزیز کمیٹی کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے گلگت بلتستان کو آئینی حقوق فراہم کرے‘فرمان علی

منگل 4 دسمبر 2018 14:46

غیر منتخب لوگ ہمیں ڈکٹیٹ نہ کریں وُہ اپنی فکر کریں‘وزیر بلدیات گلگت ..
گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر بلدیات ودیہی ترقی گلگت فرمان علی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ غیر منتخب لوگ ہمیں ڈکٹیٹ نہ کریں وُہ اپنی فکر کریں ۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ آرڈر 2018پر وفاقی حکومت من وعن عمل کرے اور سرتاج عزیز کمیٹی کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے گلگت بلتستان کو آئینی حقوق فراہم کرے۔

گلگت بلتستان کے لوگ اپنے حقوق کے لئے ہر فورم پر آواز اُٹھاتے ہیں اور جب تک حقوق نہیں ملیں گے آواز اُٹھاتے رہیں گے ۔اُنہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی اہمیت دُنیا بھر میں بڑھ رہی ہے اور سی پیک کی وجہ سے گلگت بلتستان کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ سی پیک نے گلگت بلتستان سے گزرنا ہے اور سب سے زیادہ خوشحالی اور ترقی گلگت بلتستان میں ہونا ہے اس لئے ضروری ہے کہ ہم گلگت بلتستان کو پرُامن بنائیں۔

(جاری ہے)

وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے ترقیاتی بجٹ کو روک کر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے ۔وزیر اعظم کو اُن کے چیلے گلگت بلتستان کے بارے میں غلط بریف کر رہے ہیں ۔وزیر اعظم کو یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ جب تک گلگت بلتستان کے لوگ ترقی نہیں کریں گے پاکستان ترقی نہیں کر سکتا ہے ۔اس لئے ضروری ہے کہ گلگت بلتستان کے ترقیاتی بجٹ کو کم کرنے یا روکنے کے بجائے سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور گلگت بلتستان کے ترقیاتی بجٹ میں اضافہ کرے۔