جی ٹی روڈ کو خوبصورت اور ماڈل روڈ بنانے کے لئے ٹھو س اقداما ت کئے جا رہے ہیں،کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن

منگل 4 دسمبر 2018 21:20

گوجرانوالہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2018ء) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اسداللہ فیض نے کہا ہے کہ جی ٹی روڈ کو خوبصورت اور ماڈل روڈ بنانے کے لئے ٹھو س اقداما ت کئے جا رہے ہیں، تمام متعلقہ محکمے مل کر مشترکہ لائحہ عمل مرتب کریں۔ انہوں نے اس مقصد کو کامیاب بنانے کے لئے کارپوریشن‘ جی ڈی اے ‘ واپڈا ‘ سو ئی گیس اور محکمہ ہائی ویز پر مشتمل 5 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی جو کہ ایک ہفتہ کے اندر آئندہ کا جامع پلان اورٹائم فریم تیار کرکے رپورٹ کریں گے،ان خیالات کااظہار انہو ں نے اپنے دفتر میں جی ٹی روڈ کی روڈ انجینئرنگ کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطا ب کرتے ہو ئے کیا۔

آر پی او گوجرانوالہ محمد طارق قریشی‘ سی پی او ڈاکٹر معین مسعود‘ اسسٹنٹ کمشنر جنرل تنویر یاسین‘ چیئرمین جی ڈی اے عامر رحمن‘ میئر کارپوریشن شیخ ثروت اکرام ‘ سیکرٹری ڈی آرٹی اے‘ سی ٹی او‘ ایکسیئن ایم اینڈ آر‘ ایکسیئن ہائی ویز عامر یعقوب کے علاوہ دیگر متعلقہ تمام محکموں کے افسران اجلاس میں شریک تھے،کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اسد اللہ فیض نے کہاکہ شہر کے ساتوں ٹریفک سگنلز کو فنکشنل کیا جائے اور اس میں پائی جانے والی رکاوٹوں کا ازالہ کیا جائے تاکہ ٹریفک سسٹم کو بہتر کیا جاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے میئر کارپوریشن کو ہدایت کی کہ وہ جی ٹی روڈ سے نا جائز تجاوزات ‘ سلوموونگ ٹریفک‘ ریڑھی بانوں ریڑے ‘گڈے اور تانگوں کی روک تھام کیلئے اقدامات کریں مزید مویشیوں کے انخلاء کیلئے بھی مناسب بند وبست کریں ۔