صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی پنجاب یونیورسٹی ایلومینائی تقریب میں شرکت متوقع

جمعرات 6 دسمبر 2018 18:57

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی پنجاب یونیورسٹی ایلومینائی تقریب میں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2018ء) صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی پنجاب یونیورسٹی سے فارغ التحصیل طلباء و طالبات کے 8 دسمبر بروز ہفتہ منعقد ہونے والے پہلے بڑے اجتماع میں شرکت کریں گے۔ اس سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد کے زیر صدارت اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس میں رجسٹرار ڈاکٹر محمد خالد خان، ڈائریکٹر پنجاب یونیورسٹی ایلومینائی ایسوسی ایشن ڈاکٹر فوزیہ ہادی علی، مختلف فیکلٹیوں کے ڈینز اور صدور شعبہ جات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ہفتے کو ہونے والے ایلومینائی اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار،سابق وزرائے اعظم، وزرائے اعلیٰ، وزراء، سینیٹرز ،معروف سیاسی و سماجی شخصیات، بیوروکریٹس ، صحافی و تعلیمی ماہرین و دیگر افراد کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔ اجلاس میں وائس چانسلر نے تاریخی اجتماع کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے ہدایات جاری کیں۔پنجاب یونیورسٹی ایلومینائی تقریب میں شرکت کیلئے آنے والے افراد یونیورسٹی کے گیٹ نمبر ایک سے داخل ہونے کے بعد اپنے اپنے شعبہ جات میں اکھٹے ہوں گے ۔ بعد ازاں 1:30پر تمام ایلومینائی مرکزی تقریب میں شرکت کے لئے فیصل آڈیٹوریم میں اکھٹے ہوں گے۔