زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ایگری ورسٹی سکائوٹس گروپ کے زیراہتمام طلباء وطالبات کیلئے فری بلڈگروپنگ و سکریننگ کیمپ

جمعرات 6 دسمبر 2018 21:59

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2018ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ایگری ورسٹی سکائوٹس گروپ کے زیراہتمام طلباء وطالبات کیلئے فری بلڈگروپنگ و سکریننگ کیمپ کلیہ زراعت میں لگایاگیا۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے ڈین کلیہ زراعت ڈاکٹر آصف تنویر اور انچارج روورزسکائوٹس گروپ ڈاکٹر احمد ستار خاں کے ہمراہ کیمپ کا افتتاح کرتے ہوئے سکائوٹس کی خدمات کوخاص طور پر سراہا۔

انہوں نے کیمپ کے انعقاد کوخوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں آئیوڈین ملے نمک کا اندھادھند استعمال لوگوں کی خوراک کو جسم کا حصہ بنانے کے بجائے صحت کے جملہ عوارض کا باعث بن رہا ہے لہٰذا ماہرین غذائیات کو چاہئے کہ اس حوالے سے لوگوں میں شعور اُجاگر کریں کہ ہر انسان میں آئیوڈین کی چنداں کمی نہیںلہٰذا یہ نمک صرف ایسے لوگوں کو استعمال کروایا جائے جنہیںاس کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر کی سفارش کے بغیر آئیوڈین ملے نمک کے استعمال سے انسانی جسم کا پورا نظام متاثر ہورہا ہے لہٰذا آئیوڈین ملے نمک کا ڈاکٹر کی سفارش کے بغیراستعمال کرنے والے افراد کو فوری طور پر اپنی تھائی رائیڈپروفائلنگ کے ساتھ ساتھ وٹامن ڈی اور وٹامن بی 12کا ٹیسٹ ضرور کروانا چاہئے تاکہ ممکنہ خرابی کابروقت ازالہ کیا جا سکے۔ انہوں نے چیئرمین سپورٹس بورڈ ڈاکٹر محمد اشفاق پر زور دیا کہ شام کو ہاسٹل میں مقیم طلبہ کی گرائونڈز میں حاضری یقینی بنائیں تاکہ وہ ذرخیزذہن کے ساتھ ساتھ تندرست جسم کے ساتھ اپنے پیشہ وارانہ اُمور کو آگے بڑھا سکیں۔

انہوں نے روورز سکائوٹس کے انچارج ڈاکٹر احمد ستار خاں کو ہدایت کی کہ نوجوان لڑکوں پر مشتمل سکائوٹس کے ساتھ ساتھ گرل گائیڈزکا پلیٹ فارم بھی مہیا کریں تاکہ طالبات بھی خدمت کے جذبے کے ساتھ معاشرے میں اپنا تعمیری کردار ادا کر سکیں۔ایگری ورسٹی روورز سکائوٹس کا بلڈ گروپنگ و سکریننگ کیمپ کل بھی جاری رہے گا جس میں طلباء وطالبات کے بلڈ گروپ بالکل فری جبکہ ہیپاٹائٹس کے حوالے سے ٹیسٹ معمولی ادائیگی پر کئے جا رہے ہیں

متعلقہ عنوان :