دُبئی: مالک اور اُس کے بچے کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے پر ملازمہ گرفتار

ملازمہ کی جانب سے 5 سالہ بچے کو بھی چاقو سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 7 دسمبر 2018 11:16

دُبئی: مالک اور اُس کے بچے کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے پر ملازمہ گرفتار
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7دسمبر2018ء) پولیس نے ایک غیر مُلکی ملازمہ کی جانب سے خود کُشی اور مالک اور اُس کے بیٹے کو مار دینے کی دھمکی دینے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ یہ واقعہ اکتوبر 2018ء میں البرشا کے علاقے میں پیش آیا جب ایک بھارتی تاجر اپنی بیوی اور ساس کے ساتھ ڈرائنگ روم میں بیٹھاہوا تھا۔ اچانک اُن کی 31 سالہ نیپالی ملازمہ انتہائی غصّے کی حالت میں ڈرائنگ رُوم میں داخل ہوئی اور مالک پر چِلّانے لگی کہ وہ اُس کا پاسپورٹ واپس کردے تاکہ وہ اپنے وطن کو لوٹ سکے۔

مالک نے اُسے سمجھانے بُجھانے کی کوشش کی تو وہ مزید طیش میں آگئی اور کچن میں جا کر وہاں سے چھُری اُٹھا لائی اور اُسے اپنے پیٹ پر رکھ کر دھمکی دی کہ اگر اُسے پاسپورٹ نہ لوٹایا گیا تو پھر وہ یا تو خود کو مار دے گی یا مالک اور اُس کی فیملی کو نشانہ بنا دے گی۔

(جاری ہے)

اسی دوران مالک کا پانچ سالہ بیٹا دوڑتا ہوا ڈرائنگ رُوم میں داخل ہوا تو مشتعل ملازمہ چاقو لے کر اُس کے پیچھے دوڑی۔

یہ منظر دیکھ کر گھر والوں کے اوسان خطا ہو گئے۔ اچانک بچے کی نانی اُٹھی اور ملازمہ اور بچے کے درمیان کھڑی ہو گئی۔ جس پر ملازمہ نے چاقو کے وار کر کے نانی کا ہاتھ زخمی کر دیا۔ گھر کے مالک نے صورتِ حال کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے فوری طو ر پر پولیس کو طلب کر لیا، جس نے بپھری ملازمہ کو گرفتار کر لیا۔ عدالت میں سماعت کے دوران نیپالی ملازمہ نے اپنے خلاف عائد الزامات کو درست ماننے سے انکار کر دیا۔ اس مقدمے کا فیصلہ 12 دسمبر 2018ء کو سُنایا جائے گا۔