صومالیہ میں عسکریت پسندوں کے حملے میں 2 جرنیلوں سمیت 5 فوجی ہلاک

جمعہ 7 دسمبر 2018 15:12

موغادیشو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2018ء) صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں 2 جرنیلوں سمیت 5 فوجی ہلاک ہو گئے۔دھماکے کی ذمہ داری القاعدہ سے متاثر الشباب موومنٹ نے قبول کی ہے۔صومالی فوجی ذرائع کے مطابق فوج کے بارہویں بریگیڈ کے سربراہ جنرل عمر عدنان حسن اور اسی بریگیڈ کے آپریشنل کمانڈر جنرل عبدی علی جمامی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

صومالی ایوان صدر سے جاری ہونے والے بیان میں ان تمام افراد کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے جنہوں نے ملک میں امن کی بحالی کی جدوجہد میں اپنی جان قربان کیں۔ہلاک ہونے والے افسر اور جوان جنوبی ساحلی سڑک پر واقع ایک فوجی اڈے کے دورے سے واپس آ رہے تھے کہ جب راستے میں نصب بارودی سرنگ ان کی گاڑی کے قریب دھماکے سے پھٹ گئی۔صومالی فوج کے ترجمان محمد عدن نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ دہشت گردوں نے سڑک کے کنارے دھماکا خیز مواد نصب کر رکھا تھا جس کا ہدف جنرل عمر کو لے جانے والی گاڑی تھی۔القاعدہ سے منسلک الشباب گروپ نے بارودی سرنگ حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ یہ تنطیم صومالیہ کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کے خلاف گذشتہ دس برسوں سے برسرپیکار ہے۔