لاہور ہائیکورٹ نے مستقل پٹواریوں کو مبہم نوٹیفکیشن کے ذریعے کنٹریکٹ پر کرنے کیخلاف درخواست پر ڈپٹی کمشنر لاہور کا مبہم نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا

جمعہ 7 دسمبر 2018 16:57

لاہور ہائیکورٹ نے مستقل پٹواریوں کو مبہم نوٹیفکیشن کے ذریعے کنٹریکٹ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 دسمبر2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے مستقل پٹواریوں کو مبہم نوٹیفکیشن کے ذریعے کنٹریکٹ پر کرنے کیخلاف درخواست پر ڈپٹی کمشنر لاہور کا مبہم نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا۔ جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے محمد امین سمیت دیگر پٹواریوں کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں کی طرف سے سعد رسول ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔

ڈی سی لاہور صالحہ سعید نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار پٹواریوں کو مختلف اوقات میں مستقل کیا گیا ہے۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کے مطابق درخواستگزار پٹواریوں کو غیرقانونی طور پر مستقل کیا گیا۔ فاضل جج نے استفسار کیا کہ آپ نے بغیر شنوائی درخواست گزاروں کیخلاف حکم کیسے پاس کیا۔آپ حکم کالعدم کر رہے ہیں، قانون کے مطابق درخواستگزاروں کو سن کر دوبارہ فیصلہ کریں۔

(جاری ہے)

درخواست گزاروں کے وکیل کا موقف تھا کہ درخواست گزار 11 برسوں سے بطور مستقل پٹواری کام کر رہے ہیں، ڈپٹی کمشنر نے ممبر بورڈ آف ریونیو کے حکم پر درخواستگزاروں کو دوبارہ کنٹریکٹ پر کر دیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مبہم نوٹیفکیشن کے ذریعے مستقل پٹواریوں کی ملازمت کنٹریکٹ پر کر دی۔قانون کے مطابق مستقل سرکاری ملازم کی ملازمت کنٹریکٹ پر نہیں کی جا سکتی۔ ڈپٹی کمشنر نے ملازمت کی نوعیت تبدیل کرنے سے قبل پٹواریوں کو شنوائی کا کوئی نوٹس بھی جاری نہیں کیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ڈپٹی کمشنر لاہور کا مبہم نوٹیفکیشن غیرقانونی قرار دے کر معطل کیا جائے۔