یاسر شاہ ان چاہے ریکارڈ کے مالک بن گئے

ہاری ہوئی ٹیم کی جانب سے ٹیسٹ سیریز میں زیادہ وکٹیں حاصل کیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 8 دسمبر 2018 14:28

یاسر شاہ ان چاہے ریکارڈ کے مالک بن گئے
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8دسمبر2018ء) قومی ٹیم کے لیگ سپنر یاسر شاہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں 29وکٹیں لینے کے باوجود ایک ان چاہے ریکارڈ کے مالک بن گئے ہیں ۔32سالہ یاسر شاہ نے کیویز کےخلاف متحدہ عرب امارت میں کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز میں شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض19.03کی اوسط سے29کھلاڑیوں کو پوویلین بھیجا تاہم ان کی ٹیم کو ٹیسٹ سیریز میںشکست کا سامنا کرنا پڑا اور یوں یاسر شاہ ہاری ہوئی ٹیم کی جانب سے ٹیسٹ سیریز میں زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے باﺅلر بن گئے ، اس سے قبل یہ ریکارڈ لیجنڈری سر ی لنکن آف سپنر متیاہ مرلی دھرن کے پاس تھا جنہوں نے 2004ءمیں آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں28وکٹیں اپنے نام کی تھیں ، سابق جنوبی افریقی لیفٹ آرم میڈیم فاسٹ باﺅلر چارلی لیون نے1902ءمیں آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں 25وکٹیں اپنے نام کی تھیں ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ابوظہبی ٹیسٹ میں شکست دیکر سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی تھی ،نیوزی لینڈ نے کھیل کے آخری روز 7 وکٹ پر 353 رنز بنانے کے بعد دوسری اننگز ڈکلیئر کردی اور پاکستان کو جیت کیلئے 280 رنز کا ہدف دیا جسکے جواب میں قومی ٹیم 156 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بلے بازوں نے ایک بار پھر مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور صرف 55 رنز پر آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ گئی، ٹیسٹ کریئر کا آخری میچ کھیلنے والے محمد حفیظ اپنی آخری اننگز یادگار نہ بناسکے اور صرف 8 رنز پر ہی ٹم ساﺅتھی کو وکٹ دے بیٹھے۔

اظہر علی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہیں رکے اور 5 رنز بنانے کے بعد گرینڈ ہوم کا شکار بنے۔ ان فارم مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل بھی امیدوں پر پورا نہ اترسکے اور صرف 9 رنزبنانے کے بعد ہی پویلین واپس لوٹ گئے، حارث کے آﺅٹ ہونے کے بعد اگلی ہی گیند پر پہلی اننگز میں تھری فیگر اننگز کھیلنے والے اسد شفیق کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔اوپننگ بلے باز امام الحق نے کچھ دیر مزاحمت کی لیکن 22 رنز پر ان کی ہمت بھی جواب دے گئی۔

کپتان سرفراز احمد بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہرسکے اور 28 رنز بناکر ولیم سمر ویل کا شکار بنے۔ بلال آصف اور یاسر شاہ کو ٹم ساﺅتھی نے پویلین بھیجا۔ بابراعظم نصف سنچری بنانےوالے واحد کھلاڑی رہے، وہ 51 رنز پر اعجاز پٹیل کا شکار بنے۔کھیل کے آخری دن نیوزی لینڈ نے اننگز کا آغاز 272 رنز 4 کھلاڑیوں کے نقصان پر کیا تو کین ولیمسن بغیر کسی رن کا اضافہ کیے پویلین لوٹ گئے۔ کین ولیمسن کے 139 رنز پر آﺅٹ ہونے کے بعد نکولس نے نیوزی لینڈ کا سکور آگے بڑھایا اور سنچری سکور کی، نکولس نے 126 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے۔یاسر شاہ نے دوسری اننگز میں 4 اور مجموعی طور پر میچ میں 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔