دو سیکنڈ میں 60 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی موٹرسائیکل

اس موٹرسائیکل کو نہ پٹرول کی ضرورت ہے اور نہ ہی ڈیزل کی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 8 دسمبر 2018 16:25

دو سیکنڈ میں 60 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی موٹرسائیکل
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 دسمبر 2018ء) : برقی گاڑیوں کا رجحان حال ہی میں زیادہ ہو گیاہے جس کے بعد سڑکوں پر کئی برقی گاڑیاں دوڑتی ہوئی نظر آتی ہیں۔ برقی گاڑیوں کے بعد اب برقی موٹرسائیکل بھی متعارف کروانے کی تیاری کر لی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کرٹیس موٹرسائیکل نامی کمپنی نے ایک ایسی موٹرسائیکل تیار کی ہے جسے پٹرول اور ڈیزل جیسے کسی روایتی ایندھن ضرورت نہیں ہوگی بلکہ یہ موٹرسائیکل بجلی سے دوڑے گی۔

اس برقی موٹرسائیکل کو ''ہیرا'' نام دیا گیا ہے جس میں گیس سلینڈر کو بیٹری پاور سے تبدیل کردیا گیا ہے جبکہ یہ موٹرسائیکل رفتار کے لحاظ سے کسی سے کم نہیں ہے۔ اس موٹرسائیکل میں 8 پیس بیٹری پیک دیا گیا ہے جو کہ پچھلے وہیل میں نصب برقی موٹر کو پاور فراہم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

کارکردگی کے اعتبار سے یہ ''ہیرا'' موٹرسائیکل تیز ترین موٹرسائیکلوں میں شمار ہوتی ہے۔

یہ 2.1 سیکنڈز میں صفر سے 60 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ سنگل چارج پر اس موٹرسائیکل پر 280 میل تک سفر کیا جاسکتا ہے۔ پاکستان میں اس موٹرسائیکل کو سنگل چارج میں شہر بھر میں ایک سے ڈیڑھ دن تک بآسانی گھُمایا جا سکتا ہے۔ سننے میں تو یہ موٹرسائیکل شاندار ہے لیکن کمپنی نے تاحال اس کی قیمت کے حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا جبکہ اس موٹر سائیکل کو مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کرنے کی تاریخ کا بھی اعلان نہیں کیا گیا۔

اس حوالے سے اُمید ظاہر کی جا رہی ہے کہ یہ موٹرسائیکل 2020ء میں کسی بھی وقت فروخت کے لیے پیش کر دی جائے گی۔ جبکہ موٹرسائیکل ساز کمپنی کی جانب سے اس برقی موٹرسائیکل کی قیمت کا اعلان آئندہ چند ماہ کے دوران ہی متوقع ہے تاہم اسے خریدنے کے خواہشمند کمپنی کی ویب سائٹ پر اپنی موٹرسائیکل رجسٹر کرواسکتے ہیں۔