لیاقت آباد کی مختلف یونین کمیٹیوں میں سیوریج کا مسئلہ حل کردیا گیا ہے۔میئر کراچی

جن علاقوں میں سیوریج کے مسائل درست ہوگئے ہیں وہاں سڑک کی استرکاری کی جائے گی۔وسیم اختر کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 8 دسمبر 2018 19:58

لیاقت آباد کی مختلف یونین کمیٹیوں میں سیوریج کا مسئلہ حل کردیا گیا ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ لیاقت آباد کی مختلف یونین کمیٹیوں میں سیوریج کا مسئلہ حل کردیا گیا ہے جن علاقوں میں سیوریج کے مسائل درست ہوگئے ہیں وہاں اب فوری طور پر سڑک کی استرکاری کی جائے گی تاکہ آنے جانے والوں کو سہولت میسر آسکے، سہولتوں کی فراہمی ہمارا عزم ہے اور اس عزم کو لے کر بلدیاتی قیادت عوام کی خدمت کے لئے رات دن کوشاں ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاقت آباد صرافہ مارکیٹ کے نزدیک منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر رکن قومی اسمبلی کنورنوید جمیل، چیئرمین ورکس کمیٹی حسن نقوی سمیت دیگر متعلقہ یوسی چیئرمینز اور نائب چیئرمین بھی موجود تھے، قبل ازیں میئر کراچی کی آمد پر عوام کی بڑی تعداد نے ان کا پھولوں سے استقبال کیا ،ہار پہنائے اور خیر مقدمی نعرے لگائے، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ سیوریج کی نئی پائپ لائنیں ڈالنے سے لیاقت آباد کی 5 یونین کمیٹیوں 38 تا 42 کے ہزاروں مکین استفادہ کرسکیں گے، سیوریج لائن ڈالنے سمیت استرکاری کاکام 6 ماہ میں مکمل کیا گیا ہے اور اس پر 40 ملین روپے لاگت آئی ہے، نئی سیوریج لائن لیاقت آباد ڈاکخانہ کے مقام سے لیاقت آباد 10 نمبر تک ڈالی گئی ہے جبکہ ایک لاکھ 25 ہزار اسکوائر فٹ کے رقبہ پر استرکاری کاکام شروع کیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ شہر کے مسائل کا بلدیاتی قیادت کو بخوبی علم ہے لیکن ہماری مجبوری یہ ہے کہ ہمارے پاس اتنے ذرائع اور وسائل موجود نہیں ہیں کہ تمام مسائل کو پلک جھپکتے ہی حل کرلیا جائے لہٰذا اس بات کی بھر پور کوشش کی جاتی ہے کہ دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے جتنا زیادہ ممکن ہوسکے عوام کے لئے سہولت فراہم کرسکیں، انہوں نے کہا کہ ہم لیاقت آباد کو بھولے نہیں ہیں اور نہ ہی لیاقت آباد والے ہمیںبھولے ہیں ، جو کام ماضی میں نہیں ہوسکے وہ اب ہورہے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ ترقیاتی کاموں کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا کیونکہ ہم کام کرنا چاہتے ہیں اور عوامی خدمت کے لئے ہم پرُ عزم ہیں، لیاقت آباد میں جہاں جہاں کچرے کی شکایات ہیں وہاں وہاں ڈی ایم سی سینٹرل اپنے دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے کام کررہی ہے اور علاقے میں مجموعی طور پر صورتحال پہلے سے بہتر ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ شہر میں مسائل بہت زیادہ ہیں اور ان کو حل کرنے کے لئے وسائل بہت کم ہیں، آبادی کے پے پناہ دبائو کے باعث شہر روز بروز مسائل کا شکار ہورہا ہے، اس کے باوجود بلدیاتی قیادت شہر کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہے ہم نے بار ہا حکومت سے درخواست کی ہے کہ شہر کے مسائل کو حل کرنے کے لئے بلدیاتی قیادت کے ہاتھ مضبوط کئے جائیں،اس موقع پر کنور نوید جمیل نے کہا کہ میئر کراچی کو اس علاقے کے مسائل کے حوالے سے پہلے آگاہ کردیا گیا تھا اور میئر کراچی خود بھی شہر کے مسائل سے بہت اچھی طرح واقف ہیں، ہم ان کے ممنون ہیں کہ انہوں نے لیاقت آباد کا سیوریج کا دیرینہ مسئلہ حل کرادیا، لیاقت آباد کی گلیوں اور شاہراہوں پر جو سیوریج کا پانی اوور فلو کررہا تھا اب ان شا ء اللہ یہاں کے مکینوں کو اس سے نجات مل جائے گی اورچند روز میں استرکاری کا کام بھی مکمل کرلیا جائے گا۔