بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر بلدیہ وسطی میں ہنگامی طور پر انتظامات

ریسکیو ڈپارٹمنٹ کو الرٹ کردیا گیا ،چیئرمین بلدئی وسطی کی’ ’بی اینڈ آر‘‘ کو برساتی نالوں پر نظر رکھنے کی ہدایت

اتوار 9 دسمبر 2018 17:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2018ء) چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے محکمہٴ موسمیات کی جانب سے جاری ہونے والی بارشوں کی پیش گوئی کو مدِّ نظر رکھتے ہوئے بلدیہ وسطی میں ہنگامی طور پر بارش سے نمنٹنے کے لئے ضروری انتظامات کرنے کے احکامات جاری کردئے۔جبکہ ریسکیو ڈپارٹمنٹ کو الرٹ رہنے اور’’ بی اینڈ آر ‘‘ ڈپارٹمنٹ کو برساتی نالوں پر نظر رکھنے کی ہدایات جاری کردی۔

تفصیلات کے مطابق محکمہٴ موسمیات کراچی نے شہر میں پیر اور منگل کے روز بارش ہونے کی پیش گوئی کردی ہے ۔ جس کی بنأ پر بلدیاتی اداروں کو فوری طور پر بارش سے پیداہونے والی ممکنہ صورتِ حال سے نمٹنے کے لئے اقدامات کرنے پڑے۔ تاکہ بارانِ رحمت کراچی کے شہریوں کے لئے زحمت نہ بن جائے۔

(جاری ہے)

چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے سینی ٹیشن ڈپارٹمنٹ ، ریسکیو ڈپارٹمنٹ اور ’’بی اینڈ آر‘‘ کو بارش سے پیداہونے والی ممکنہ پریشان کُن صورتِ حال سے نمٹنے کے لئے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردیں۔

واضح رہے کہ بلدیہ وسطی کی حدود میں برساتی نالوں کی صفائی کا کام پہلے ہی جاری ہے تاکہ بارش کے سبب شہری علاقوں اور آبادیوں میں جمع ہونے والا پانی شہری آبادی کوکسی قسم کا نقصان پہنچائے بغیر بہ آسانی برساتی نالوں کے ذریعے نکل جائے۔