افغان صوبہ فراہ میں طالبان نے حملہ کرکے افغان نیشنل آرمی کے 8 فوجیوں کو، 10 دیگر کو یرغمال بنالیا

اتوار 9 دسمبر 2018 18:00

کوہاٹ/کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2018ء) افغان مغربی صوبہ فراہ میں طالبان نے حملہ کرکے افغان نیشنل آرمی کے 8 فوجیوں کو ہلاک جبکہ 10 دیگر کو یرغمال بنالیا۔صوبائی کونسل کے ممبروں داداللہ اور عبدالصمد صالحی کے حوالے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق صوبہ فراہ کے ضلع بالابولاک میں فراہ سے ہرات جانے والی شاہراہ پر واقع آب خورمہ نامی علاقے میں قائم آرمی کیمپ پرگزشتہ شب مسلح طالبان نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں آٹھ افغان فوجی ہلاک ہوگئے اورطالبان نے کیمپ کا کنٹرول حاصل کرکے کیمپ میں موجود تمام اسلحہ بھی قبضہ میں لے لیا۔

افغان حکام نے اس واقعہ پر خاموشی اختیار کرلی ہے تاہم صوبائی پولیس ترجمان محب اللہ محب نے کہا ہے کہ اس واقعہ میں تین طالبان حملہ آور ہلاک اور چار دیگر زخمی ہوئے ہیں جبکہ طالبان ترجمان قاری یوسف احمدی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس حملے میں افغان نیشنل آرمی کے آٹھ فوجیوں کو ہلاک اور دس دیگر کو یرغمال بنالیا ہے جبکہ دو طالبان حملہ آور زخمی ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ادھر صوبہ بلخ کے ضلع چاربولدک کے گاؤں گورتاپہ میں طالبان نے پولیس کی ایک چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔صوبائی پولیس سربراہ جنرل وبدالرزاق نے واقعہ کی تصدیق کی ہے۔دریں اثناء افغان فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبہ پکتیکا کے ضلع گومل میں افغان سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کلین اپ کے دوران طالبان کے ایک سابق شیڈو گورنر کواپنے چار ساتھیوں سمیت ہلاک کردیاہے۔ صوبہ پکتیکا کے پولیس سربراہ غلام سخی روغ لیوانی نے کہا ہے کہ طالبان کے قبضہ سے اسلحہ بھی برآمدکیا گیا ہے۔