کاشتکار پھول گوبھی کے ساتھ ساتھ بند گوبھی کی بھی کاشت یقینی بنائیں، ماہرین زراعت

پیر 10 دسمبر 2018 16:38

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) بند گوبھی میں وٹامن اے، سی ، معدنی نمکیات لوہا، چونا، فاسفورس کافی مقدار میں پائے جانے کے باعث پھول گوبھی سے زیادہ غذائیت ہوتی ہے لہٰذا کاشتکار پھول گوبھی کے ساتھ ساتھ بند گوبھی کی بھی زیادہ سے زیادہ کاشت یقینی بنائیں۔ ماہرین زراعت نے بتایا کہ بند گوبھی کا زیادہ تر استعمال بطور سلاد کیا جاتا ہے جبکہ بند گوبھی کی کامیاب کاشت کیلئے سرد مرطوب آب و ہوا موزوں رہتی ہے اس لئے اس کی کاشت کیلئے ذرخیز میرا زمین جس میں نامیاتی مادہ وافر مقدار میں موجود ہو کا انتخاب کیاجائے۔

انہوںنے کہاکہ بند گوبھی کی پنیری کوکھیت میں منتقل کاوقت بہت تھوڑا ہے اس لئے پنیری کو شام کے وقت کھیت میں لگائیں تاکہ پودے رات کے وقت اچھی طرح جڑ پکڑ سکیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ جس روز پنیری کھیت میں لگانی ہو اس روز صبح کے وقت نرسری کی اچھی طرح آبپاشی کی جاے تاکہ پودے نکالتے وقت ان کی جڑیں نہ ٹوٹیں۔ انہوںنے کہاکہ پودا لگاتے وقت جڑ کے نزدیک سے اچھی طرح دبا دیں تاکہ پودا جلدی جڑ پکڑ لے، پودوں کو کھیت میں 40سے 45 سینٹی میٹر کے فاصلہ پر لگائیں اور فوراً آبپاشی کر دیں۔

انہوںنے کہاکہ نرسری کی منتقلی کے 15 دن بعد کھیت میں مرے ہوئے پودوں کی جگہ نئے پودے لگا دیئے جائیں۔ انہوںنے کہاکہ فصل کی آبپاشی 15 دن کے وقفہ سے کرنے سمیت کاشت کے ایک ماہ بعد گوڈی کرنے کے بعد آبپاشی کرنے سے پہلے 8 کلوگرام امونیم سلفیٹ یا 40 کلوگرام یوریا کھاد فی ایکڑ استعمال کی جائے تاکہ پودوں کے ہیڈ اچھے بنیں اور منڈی میں اچھا ریٹ ملے۔ انہوںنے کہاکہ بند گوبھی کاشت کے تین یا ساڑھے تین ماہ بعد برداشت کیلئے تیار ہو جاتی ہے۔

متعلقہ عنوان :