ابو ظہبی: دستی سپیڈ ریڈار نے ماہِ اکتوبر میں 44ہزار ٹریفک خلاف ورزیاں پکڑ لیں

دستی ریڈارکا استعمال روڈز کو محفوظ ترین بنانے کی غرض سے کیا جا رہا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 10 دسمبر 2018 17:01

ابو ظہبی: دستی سپیڈ ریڈار نے ماہِ اکتوبر میں 44ہزار ٹریفک خلاف ورزیاں ..
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10دسمبر2018ء) دستی سپیڈ ریڈار نے اکتوبر 2018ء کے مہینے میں حدِ رفتار کی چوالیس ہزار سے زائد خلاف ورزیاں نوٹ کیں۔ اس بات کا انکشاف پولیس کی جانب سے کیا گیا ہے۔ یہ لیزر ریڈار جسے قناس (شکاری) کا نام دیا جاتا ہے، اس میں جدید ٹیکنالوجی کے حامل ہائی ریزولیوشن والے کیمرے نصب ہیں۔ بیرونی علاقوں کے ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر بریگیڈیر سالم بن بارک الظہیری نے بتایا کہ ان ریڈارز کا استعمال مملکت میں ٹریفک کو محفوظ تر بنانے کی غرض سے کیا جا رہا ہے۔

یہ دستی ریڈار شاہراہوں اور شہر سے باہر کے علاقوں میں بہت کارآمد ثابت ہوتے ہیں کیونکہ ان مقامات پر لوگ سڑکیں خالی دیکھ کر اکثر تیز رفتار ڈرائیونگ کے جوش سے بھر جاتے ہیں اور یوں مقرر کردہ حدِ رفتار سے تجاوز کر جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ تیز رفتاری کئی بار خوفناک ٹریفک حادثات کا باعث بنی ہے جس میں لوگ اپنی جانوں سے محروم ہو جاتے ہیں۔ امارات بھر کی سڑکوں کو سفر کے لیے محفوظ ترین بنانے کی غرض سے ٹریفک پولیس کی جانب سے جدید ترین اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔

بریگیڈیر الظہیری نے مزید کہا کہ پولیس کی جانب سے ڈرائیور حضرات میں شعور پیدا کرنے کی غرض سے سوشل میڈیا چینلز پر ایسی ویڈیوز پوسٹ کی جا رہی ہیں جن میں کسی ٹریفک خلاف ورزی کی صورت میں برآمد ہونے خوفناک نتائج سے آگاہ کیا گیا ہے۔