پی ٹی اے نے ڈی آئی آر بی ایس کے تحت چالیس کروڑ موبائل فونز کو آئی ایم ای آئی نمبر کے تحت رجسٹرڈ کرلیا

پیر 10 دسمبر 2018 17:47

پی ٹی اے نے ڈی آئی آر بی ایس کے تحت چالیس کروڑ موبائل فونز کو آئی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی ای) نے غیر قانونی اور ٹیکسز دیئے بغیر موبائل فون کی درآمد کو روکنے کے لئے لگائے گئے سسٹم ڈیوائس ایڈینٹی فیکیشن رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم (ڈی آئی آر بی ایس) کے تحت چالیس کروڑ موبائل فونزکو آئی ایم ای آئی نمبر کے تحت رجسٹرڈ کرلیا۔

پاکستان میں گزشتہ چار سال سے صارفین کے زیر استعمال موبائل فونز کا ڈیٹا شامل کیا گیا ہے۔ پی ٹی اے حکام نے ’’اے پی پی‘‘ کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ڈی آئی آر بی ایس سے غیر قانونی طور پر پاکستان میں موبائل فون کو روکنے میں مدد ملے گی اور پاکستان کو نئے سسٹم کے تحت سالانہ ڈیڑھ ارب ڈالر قومی خزانے کیلئے زائد ملے گا۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق اس سسٹم کے تحت باہر سے آنے والا ہر ایک موبائل فون سیٹ آئی ایم ای آئی نمبر کو رجسٹرڈ کرنے کے بعد کارآمد ثابت ہوگا۔

رجسٹریشن کے بغیر ایسے کسی موبائل فون کمپنی کی سم قابل استعمال نہیں ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ باہر سے آنے والے موبائل فونز کو رجسٹرڈ کرنے کیلئے ایئرپورٹس، ڈرائی پورٹس سمیت تمام ایسے مقامات جہاں سے موبائل فون کی درآمد کا عمل ہوتا ہے، سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یکم جنوری تک جو فون رجسٹریشن کے بغیر موبائل کمپنیوں کے نیٹ ورک پر فعال ہیں انہیں رجسٹرڈ کرلیا جائے گا تاہم اس کے بعد ایسا کوئی فون جس کا آئی ایم ای آئی نمبر رجسٹرڈ نہیں ہوگا، کسی نیٹ ورک پر کار آمد نہیں ہوگا۔