اسلام آباد سی آئی اے پولیس کی بڑی کارروائی، 5 منشیات فروش گرفتار، منشیات فروشوں سے بھاری مقدار میں کروڑوں روپے مالیت کی منشیات بھی برآمد

بدھ 12 دسمبر 2018 00:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) اسلام آباد سی آئی اے پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 5 منشیات فروش گرفتار کر لئے، منشیات فروشوں سے بھاری مقدار میں کروڑوں روپے مالیت کی منشیات بھی برآمد کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان کے خصوصی احکامات پر ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون جاری ہے۔

ان احکامات کی روشنی میں ایس پی انوسٹی گیشن سردار غیاث گل کی زیر نگرانی ڈی ایس پی سی آئی اے حاکم خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ بڑی کارروائی کرتے ہوئے 5 منشیات فروشوں محمد صدیق ولد لال وزیر قوم بنگش ساکن محلہ لیاقت آباد چارسدہ روڑ پشاور، مجاہد مسیح ولد نظیر مسیح ساکن چک نمبر 291گ ب ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ،دولت خان و لد سمندر خان ساکن تحصیل باڑہ ضلع خیبر ایجنسی، اختر علی ولد اللہ وسایا ساکن محمود کوٹ تحصیل احمد پور سیال ضلع جھنگ اور ہاشم ولد پرویزساکن ڈھوک اعوان ضلع راولپنڈی کو گرفتار کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس ٹیم نے ملزمان کے قبضہ سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات 4204گرام پاوڈر،2035گرام چرس،60لیٹر شراب، 1200 خالی بوتلیں ،تین عددڈرم،150لیٹر ڈیزل،40 لیٹر پٹرول اور 10عدد خالی کین بھی برآمد کرلئے ہیں۔ آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان اور ایس ایس پی آپریشنز وقار الدین سیّد نے سی آئی اے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی اور تمام افسران کو مزید احکامات جاری کئے کہ ضلع بھر میں اور خصوصاً تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی کے خلاف کریک ڈائون میں تیزی لائی جائے تاکہ شہریوں اور طلبا ء و طالبات کے مستقبل کو اس ناسور سے بچایا جا سکے۔