بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر واصف نعمان کو اغوا کر لیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 12 دسمبر 2018 15:14

بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر واصف نعمان کو اغوا کر لیا ..
ملتان (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 دسمبر 2018ء) : بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹرواصف نعمان کو اغوا کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر واصف نعمان بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے شعبہ فاریسٹری سے وابستہ تھے جنہیں یونیورسٹی گیٹ کے سامنے سے اغوا کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر واصف نعمان کو اغوا کرنے کے لیے مبینہ طور پر تین گاڑیاں آئیں، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر واصف کواغوا کرنے سے قبل انہیں یونیورسٹی گیٹ پر تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد اغوا کار انہیں گاڑی میں بٹھا کر اپنے ساتھ لے گئے۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع کے مطابق ڈاکٹر واصف کے اغوا کے لیے آنے والی تین گاڑیوں میں سے ایک کو ضبط کر لیا گیا ہے جبکہ باقی دو گاڑیاں اور اغوا کار مفرور ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ اسسٹنٹ پروفیسر کے اغوا کا یہ واقعہ ذاتی رنجش کی بنا پر ہے یا اس کے پیچھے کوئی اور وجہ ہے، اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔ دوسری جانب  ڈاکٹر واصف کے اغوا پر یونیورسٹی اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن اور ایمپلائز یونین نے احتجاج کی کال دے دی اور احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کر دی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر واصف کو فوری طور پر بازیاب کروایا جائے۔