UAE جاب فیئر کے دوران 14 پاکستانی نوجوانوں کو ملازمتیں مِل گئیں

ان خوش نصیبوں کو مختلف انجینئرنگ پراجیکٹس کی نوکریاں دی گئی ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 13 دسمبر 2018 12:01

UAE جاب فیئر کے دوران 14 پاکستانی نوجوانوں کو ملازمتیں مِل گئیں
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13دسمبر2018ء ) متحدہ عرب امارات میں قائم انفارمیشن ٹیکنالوجی سے منسلک مشہور و معروف فرمز نے اس ہفتے کے دوران پاکستان سے 14 نوجوانوں کو ملازمت کے لیے منتخب کر لیا ہے۔ یہ خوش نصیب نوجوان انجینئرنگ کے مختلف شعبوں میں اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں۔ ان نوجوانوں کا انتخاب پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقدہ جاب فیئر کے دوران کیا گیا۔

جس کا اہتمام ہُوآوے (Huawei) آئی سی ٹی اکیڈمی پاکستان نے ہُوآوے مِڈل ایسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔

(جاری ہے)

اس جاب فیئر کے دوران پاکستان سے مزید نوجوان بحرین، اومان اور دیگر خلیجی ریاستوں کے لیے منتخب کیے جائیں گے۔ یہ جاب فیئر ٹیلنٹ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت لگایا گیا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں مختلف ٹیکنیکل جابز کی خاطر 150 سے زائد اُمیدواروں کے انٹرویوز لیے گئے، جن میں سے 14 نوجوان ملازمتوں کے حقدار ٹھہرے۔

ان کامیاب نوجوانوں کا کہنا تھا کہ پہلی بار اُنہوں نے کسے جاب میلہ میں شرکت کی، اور یہ شرکت اُن کے لیے خوش نصیبی کی علامت بن گئی۔ اس جاب فیئر میں متحدہ عرب امارات کی بہت سی آئی ٹی فرمز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اُن کا کہنا کہ مستقبل کے پراجیکٹس کے لیے مزید پاکستانی اُمیدواروں کے نام شارٹ لِسٹ کیے جا چُکے ہیں۔