مائیکل کوہن نے ڈونلڈ ٹرمپ کو روشنی کی بجائے تاریکی کی راہ اختیار کرنے کی وجہ قرار دیدیا

جمعرات 13 دسمبر 2018 14:50

نیویارک۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق وکیل مائیکل کوہن نے 36 ماہ قید کی سزا ملنے کے بعد صدر ٹرمپ پر نئے الزام عائد کئے ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق نیویارک کی ایک عدالت میں 52 سالہ مائیکل کوہن نے اپنے جرائم کا الزام صدر ٹرمپ پر عائد کیا۔ مائیکل کوہن نے جج ولیم پاؤلے کوبتایا کہ ان کے روشنی کی بجائے تاریکی کی راہ اختیار کرنے کی وجہ ڈونلڈ ٹرمپ تھے۔

(جاری ہے)

انھوں نے عدالت کو بتایا کہ ان کی کمزوری ڈونلڈ ٹرمپ کی اندھی وفاداری تھی اور انھیں لگتا تھا کہ میری ذمہ داری ان کے برے کاموں پر پردہ ڈالنا تھا۔ عدالت سے باہر جاتے ہوئے مائیکل کوہن نے صحافیوں سے کوئی بات جیت نہیں کی۔ ادھر وائٹ ہاؤس میں بھی صدر ٹرمپ نے صحافیوں کی جانب سے مائیکل کوہن کے متعلق پوچھے گئے سوالات کو نظر انداز کیا۔ واضح رہے کہ مائیکل کوہن کو دو مختلف مقدمات میں سزا سنائی گئی ہے جو نیویارک کے جنوبی ڈسٹرکٹ اور روسی مداخلت کی تحقیقات کرنے والے مولر کی جانب سے عائد کئے گئے تھے۔ قید کی سزا کے علاوہ انھیں تقریباً بیس لاکھ امریکی ڈالر جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی ہے۔