حکومت نے تمام زرعی ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ہدایت کر دی

جمعرات 13 دسمبر 2018 16:38

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) ترقیاتی منصوبوں کے کسان کی ترقی سے براہ راست منسلک ہونے کے باعث حکومت نے تمام زرعی ترقیاتی منصوبوں کی بر وقت تکمیل کی ہدایت کی ہے جبکہ سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید کی جانب سے کہا گیا ہے کہ زرعی ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے نیز محکمہ زراعت کے افسران ان منصوبوں کی ہونے والی پیش رفت کا مسلسل جائزہ لیں ،علاوہ ازیں سالانہ زرعی ترقیاتی پروگرام پر عمل درآمد کے حوالے سے تمام حکام خود بھی نظر رکھے ہوئے ہیں لہٰذا اس حوالے سے تمام متعلقہ شعبے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں کیونکہ غفلت اور سستی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہا کہ زرعی ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے ترقی کا سفر تیز اور کسانوں کو ریلیف ملے گا کیونکہ کسان کی ترقی ہی ملکی معیشت کی ترقی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سالانہ اہداف کو بر وقت حاصل کرنا دراصل کسان کی خدمت ہے۔ انہوںنے کہا کہ محکمہ زراعت کے افسران ان منصوبوں کو مقررہ وقت پرمکمل کرنے کیلئے دن رات ایک کردیں کیونکہ اگر تمام افسران تندہی سے کام کر یں گے تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم اہداف کو مقررہ وقت میں حاصل نہ کر سکیں ۔ انہوںنے کہا کہ اگر کسی منصوبے میں کہیں مشکل کا سامنا ہے تواسے دور کرنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں ۔انہوںنے کہا کہ محکمہ زراعت کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کیلئے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :