کراچی میں کوئٹہ کی ہواؤں کا ڈیرہ،

سردی کی شدت میں اضافہ اگلے دو سے تین روز کے دوران ہواؤں کی رفتار معمول سے بڑھ جائیگی ،محکمہ موسمیات

جمعرات 13 دسمبر 2018 17:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) شہر قائد میں کوئٹہ کی سرد ہواؤں نے سردی کی شدت بڑھا دی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ اورقلات ڈویژن کی جانب سے چلنے والی سرد ہواں کی وجہ سے کراچی میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ رات اور صبح کے وقت سردی میں اضافے کی و جہ سے شہریوں نے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کردیا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں مشرقی اور شمال مشرقی سمت سے ہوائیں چل رہی ہیں، اگلے دو سے تین روز کے دوران ہواؤں کی رفتار معمول سے بڑھ جائے گی، ہواؤں کی رفتار میں اضافہ سردی کی شدت مزید بڑھا دے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے ایک ہفتے کے دوران شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری تک گرسکتا ہے۔ واضح رہے کہ پچھلے سال 7 دسمبر کو شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 8.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا جب کہ سن 1938میں شہر کا پارہ صفر ریکارڈ ہوچکا ہے۔

متعلقہ عنوان :