پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے مؤثر سرمایہ کاری نظام فراہم کر رہے ہیں،

ون ونڈو کی صورت میں طویل اور پچیدہ نظام کو سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے مزید آسان بنایا جا رہا ہے، ون ونڈو آپریشن سرمایہ کاری کے طریقہ کار کو مزید کم وقت اور آسان بنائے گا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا پاکستانی برادری کے نمائندہ وفد سے خطاب

جمعہ 14 دسمبر 2018 18:06

پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے مؤثر سرمایہ کاری نظام فراہم ..
مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہم پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لئے پاکستان میں ایک مؤثر سرمایہ کاری نظام فراہم کر رہے ہیں، ون ونڈو کی صورت میں طویل اور پچیدہ نظام کو سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے مزید آسان بنایا جا رہا ہے تاکہ وقت کی بچت ہو اور سرمایہ کار کو بہتر سہولیات دے کر اس جانب راغب کیا جائے، ون ونڈو آپریشن سرمایہ کاری کے طریقہ کار کو مزید کم وقت اور آسان بنائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پاکستانی برادری کے نمائندہ وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں میڈیا، تعمیراتی شعبے، بینکنگ، مزدور طبقہ، فنانس اور اکاؤنٹنگ سیکٹر ، ڈاکٹرز اور تدریس کے شعبہ کے نمائندے شامل تھے۔

(جاری ہے)

صدر نے پاکستانی معیشت میں بیرون ملک پاکستانی برادری کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ قیمتی زرمبادلہ اپنے وطن بھیج کر ملک کی خدمت کرتے ہیں۔

انہوں نے یہ زر مبادلہ بینکنگ چینلز کے ذریعے پاکستان بھیجنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ان کی سخت محنت کی کمائی پاکستان کی معیشت میں ترقی کی محرّک بن سکے۔ صدر نے کہا کہ ہم تبدیلی کے لئے آئے ہیں اور ہم سب کو ملکر اسی طرح تبدیلی کا آغاز کرناہے۔ پاک سعودیہ معاشی تعلقات کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

پاک سعودیہ دیرینہ تعلقات کی بنیاد دونوں ممالک کے لوگوں کا آپس میں رابطہ اور پاکستانی عوام کی حرمین شریفین سے محبت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی معیشت میں یہ مماثلت ہے کہ ان کی آبادی کا 50 فیصد سے زائد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ایک بہت بڑی صلاحیت ہے اور یہ نوجوان اپنے ممالک کی معیشت مثبت کردار ادا کرسکتے ہیں اور ان کو کام کرنے کے مواقع ملنا چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی مارکیٹ میں غیر تربیت یافتہ محنت کش طبقے کی نسبت تربیت یافتہ افراد کی طلب میں اضافہ ہوا ہے اور ہمیں اس طلب سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ڈیٹا بیس کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے ملک کے لئے ایک اثاثہ اوربیرون ملک پاکستان کے سفیر ہیں اور ہم یقینی طور پر انہیں ترقیاتی عمل میں شامل کریں گے اور ان کے تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔ صدر پاکستان نے کمیونٹی کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل کو نوٹ کیا اورکہا کہ وہ پاکستان پہنچ کر متعلقہ اداروں سے ان نکات پر رپورٹ لیں گے۔