سعودی عرب:الساحل روڈ پر خوفناک حادثہ، 4 افراد ہلاک

تین گاڑیوں کے درمیان ہونے والی ٹکر میں 6 افراد زخمی بھی ہوئے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 15 دسمبر 2018 12:54

سعودی عرب:الساحل روڈ پر خوفناک حادثہ، 4 افراد ہلاک
اللیث(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15دسمبر2018ء ) پولیس حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ الساحل روڈ پر ایک خوفناک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 4 افراد زندگی سے محروم ہو گئے ، جبکہ 6 کو شدید چوٹیں آئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ یلملم میقات کی طرف جانے والے الساحل روڈ پر پیش آیا ۔ حادثے کے دوران تین تیز رفتار گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔

جس کے باعث چار افراد زخموں کی تاب نہ لا کر موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ہلال احمر کے اہلکار ایمبولینسز سمیت پہنچ گئے۔ ایک عینی شاہد کے مطابق حادثہ اس قدر خوفناک تھاکہ گاڑیاں بُری طرح سے پچک گئی تھیں۔ اور سڑک پر خون ہی خون بکھرا دکھائی دیتا تھا۔ ان گاڑیوں میں سوار تمام افراد سعودی تھے۔

(جاری ہے)

طبی امداد کے عملے نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمی افراد کی مرہم پٹی کی جس کے بعد اُنہیں اللیث جنرل اسپتال اور النور اسپیشلسٹ اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی نعشیں مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہیں۔

جو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی جائیں گی۔ پولیس حکام کا واقعے کے حوالے سے کہنا ہے کہ یہ واقعہ بظاہر تیز رفتاری اور غفلت سے ڈرائیونگ کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔ ڈرائیور حضرات کو تلقین کی گئی ہے کہ وہ حدِ رفتار سے تجاوز نہ کریں۔ تاکہ کسی ایمرجنسی کی صورت میں آسانی سے بریک لگائی جا سکے اور گاڑیوں کے آپسی تصادم کے باعث سنگین صورتِ حال جنم نہ لے۔