پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہے،شاہ محمود قریشی

ہفتہ 15 دسمبر 2018 13:19

پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہے،شاہ محمود قریشی
کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2018ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہے،بہتر سرحدی نظام سے پاکستان اور افغانستان دونوں کو فائدہ ہوگا،دہشتگردی کے چیلنج کا بہترین حل روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور ترقی ہے،پچھلی چار دہائیوں سے افغان بہن ، بھائیوں کی میزبانی کرنے پر فخر ہے ۔

دوسرے پاک چین افغانستان مذاکراتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر سرحدی نظام سے پاکستان اور افغانستان دونوں کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں تعاون کو بڑھانے اور انٹیلی جنس روابط میں بڑھانے کی ضرورت ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ دہشتگردی کے چیلنج کا بہترین حل روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور ترقی ہے،سہ فریقی تعاون اس سلسلے میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کا سب سے بڑا برآمدی شراکت دار ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان چین اور افغانستان کی معیشتیں آپس میں جڑی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک کی حیثیت سے افغانستان کی صورتحال سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ افغانستان کے عوام گزشتہ چالیس سال سے عدم استحکام اور دہشت گردی کا سامنا کر رہے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغان قیادت کی سربراہی میں مذاکرات کی حمایت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کابل میں جناح اور لوگر میں ہسپتالوں کا جلد افتتاح کرنے جا رہے ہیں،یہ دونوں ہسپتال پاکستان کی جانب سے افغان عوام کے لئے تحفہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذہبی، تہذیبی اور تاریخی ہم آہنگی ہے،تینوں ممالک کے باشندوں کے درمیان گہرے روابط ہیں ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہماری حکومت افغانستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو خاص اہمیت دیتی ہے ،خطے کے خوشحال، مستحکم اور پر امن مستقبل کیلئے ہم تینوں ممالک کا مل کر کام کرنا بہت ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم اپنے افغانی بہنوں اور بھائیوں کے کی پچھلی چار دہائیوں سے میزبانی کرتے آرہے ہیں ۔