ڈی پی او مانسہرہ کا ضمنی بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے ساتھ اجلاس

ہفتہ 15 دسمبر 2018 13:56

مانسہرہ۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) ڈی پی او مانسہرہ کی ضمنی بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے ساتھ میٹنگ کا انعقاد کیا۔ تمام ممبران کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی کی ہدایت کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ڈی پی او مانسہرہ زیب الله خان نے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کے ساتھ میٹنگ کی جس میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے ضمنی انتخابات کیلئے سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا گیا ہے جس پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

ضلع مانسہرہ میں الیکشن کے دوران ایسا ماحول فراہم کیا جائے گا کہ ہر کوئی آزادانہ طور پر اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکے، تمام امیدوار اور سیاسی جماعتیں کوئی ایسا اقدام نہیں کریں گی جو ملک پاکستان کی خود مختاری اور سلامتی کے خلاف ہو اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جاری کردہ احکامات و ہدایات کے منافی ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ تمام انتخابی امیدوار ایسی تمام سرگرمیوں سے اجتناب کریں جو انتخابی قوانین کے تحت جرائم کے زمرے میں آتی ہوں، سیاسی جماعت اور امیدوار سرکاری املاک یا کسی بھی سرکاری جگہ پر اپنی جماعت کا جھنڈا نہیں لگائیں گے جبکہ انتخابی مہم کے دوران دیواروں پر اشتہار لگانے اور وال چاکنگ کی ممانعت ہو گی۔

انتخابی امیدوار اور ان کے ووٹرز/سپورٹرز ایسی تقاریر سے مکمل گریز کریں گے جن کی وجہ سے فرقہ وارانہ جذبات، بھڑکیں اور معاشرے کے مختلف طبقات اور لسانی گروپوں کے مابین تنازعات جنم لیں۔ ڈی پی او مانسہرہ زیب الله خان نے کہا کہ ضمنی الیکشن کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے اور امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے تمام امیدواروں کو چاہئے کہ سیکورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔